Aaj News

بدھ, مئ 01, 2024  
22 Shawwal 1445  

اقلیتوں کی طرف اٹھنے والی ہر بری نظر کو آہنی ہاتھوں سے روکوں گی، مریم نواز

میرا خواب ایسا پاکستان ہے جہاں مذہب کی بنیاد پر کوئی آپ کو تکلیف نہ پہنچا سکے، وزیراعلیٰ پنجاب
اپ ڈیٹ 31 مارچ 2024 03:25pm

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی برادری کی ملک کے لیے خدمات قابل تعریف ہیں، یہاں آکر بہت خوشی ہوئی، آپ میرے ہیں اور میں آپ کی ہوں، اقلیتوں کی طرف اٹھنے والی ہر بری نظر کو میں آہنی ہاتھوں سے روکوں گی، ہم کسی بھی تفریق کے بغیر پاکستانی ہیں، میرا خواب ایسا پاکستان ہے جہاں مذہب کی بنیاد پر کوئی آپ کو تکلیف نہ پہنچا سکے۔

شیخوپورہ میں ایسٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ مسیحی برادری کو ایسٹر کی بہت بہت مبارکباد، میں آپ کی خوشیوں میں شریک ہونے آئی ہوں، آج جتنی خوشی ہورہی ہے، لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی۔

مریم نواز نے کہا کہ میرا بچپن سسٹرز اور فادرز کے ساتھ گزرا ہے، وزیراعلیٰ بننے کے بعد ہیڈ مسٹریس کو فون کیا، ہیڈمسٹریس نے کہا کہ دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات آئے کہ ہمارے اسکول کی اسٹوڈنٹ وزیراعلیٰ بنی، میں نے کنونٹ آف جیسسز میری سے تعلیم حاصل کی ہے، میری تربیت میں والدین کے بعد سب سے بڑا ہاتھ میرے اسکول کا ہے، میری تربیت ایسے والد نے کی جنہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے لیے اقلیت کا لفظ استعمال کرنا غیر مناسب ہے، میں مائنورٹیز کو اپنے ہیلی کاپٹر میں لے کر آئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ میرا ایک خواب ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہو جہاں اکثریت مل کر رہیں، آپ کی عبادت گاہیں محفوظ ہوں، آپ کو پورا تحفظ ملے، کوئی عقیدے کی بنیاد پر آپ کو تکلیف نا پہنچا سکے، اقلیتوں کی طرف اٹھنے والی ہر نظر اور ہاتھ کو آہنی ہاتھ سے روکوں گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج بہت لوگوں نے اپنی تقریب نے کہا کہ یہ کبھی نہیں ہوا کہ ایسٹر کے موقع پر کوئی عہدیداران یوں آیا ہوں تو میں آپ کو یہ بتانے آئی ہوں کہ آپ میرے اور میں آپ کی ہوں۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب صبح شام ہمارے نیب کورٹ میں چکر لگتے تھے، جب نیب کورٹ جاتی تھی تو مریم آباد کے بورڈ پر نظر پڑتی تھی اور میرا دل یہاں آنے کو کرتا تھا، خوش ہوں آج مجھے مریم آباد آنے کا موقع ملا، جس محبت اور شفقت سے آپ نے استقبال کیا، آپ سب کا شکریہ۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ میں ابھی کچھ گھروں میں عیدی دینے گئی تو مجھے خوشی ہوئی کہ کتنے شفقت سے سب نے میرا استقبال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، مسیحی برادری کی پاکستانی قوم اور ملک کے لیے جو خدمات ہیں ان کی دل کی گہرائیوں سے اعتراف کرتی ہوں، ہر شعبے میں جس طرح آپ نے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار نبھایا میں اس کی قدر دان ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مسیحی خاندانوں میں امدادی رقم کی تقسیم

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب بھر کے 10,000 مسیحی خاندانوں میں پہلی بار 50 ملین روپے تقسیم کیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ایسٹر کے پرمسرت موقع پر پنجاب کے تمام اضلاع کے 10 ہزار مستحق مسیحی خاندانوں میں 50 ملین روپے تقسیم کیے ہیں۔

مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پی ایچ اے نے اس خوشی کی تقریب پر پہلی بار لاہور کے گرجا گھروں کو خوبصورتی سے سجایا اور روشن کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس عظیم اقدام پر مسیحی برادری کے اراکین بہت خوش ہیں اور ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیاں بڑھانے کے لیے پیار اور محبت کا اظہار کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

مریم نواز کا ایسٹر کے موقع پر پیغام

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایسٹر ہمیں ہمدردی، معافی اور سب کیلئے محبت کی اقدار سکھاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری امن پسند اور قابلِ احترام ہے، قیامِ پاکستان سے تعمیرِ پاکستان کی منازل طے کرتے ہوئے مسیحی برادری کا کردار قابلِ ستائش ہے، پاکستان بلا رنگ و نسل، مذہب، ذات اور عقیدے کے ہم سب کا وطن ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ایسٹر کا تہوار معاشرے میں ہم آہنگی اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دے گا، دعا ہے کہ ایسٹر خوشی، امن اور خوش حالی لائے۔

PMLN

Sheikhupura

Maryam Nawaz

Christmas

lahore

Maryam Nawaz Sharif

CM Punjab Maryam Nawaz

Easter Pakistan

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div