Aaj News

بدھ, مئ 01, 2024  
22 Shawwal 1445  

اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں اور پوتوں کو شہید کرنا اسرائیل کی ناکامی کا اعتراف ہے، مولانا فضل الرحمان

اسرائیل کے جارحانہ اقدامات تحریک جہاد کی جرأت و بسالت اور بزدل صہیونی فوج کے مقابلے میں مضبوط منصوبہ بندی کا اعتراف ہیں، مولانا فضل الرحمان
شائع 11 اپريل 2024 08:25pm

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے 3 بیٹوں اور 3 پوتوں کی اسرائیلی حملے میں شہادت پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں تعزیتی خط ارسال کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں اور پوتوں کو شہید کرنا اسرائیل کی ناکامی کا اعتراف ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے اسماعیل ہنیہ کے نام بھیجے گئے خط میں اپنی اور جمعیت علماء اسلام کی جانب سے بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر تعزیت کرتے ہوئے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور شہدا کی کامل مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔

اپنے خط میں مولانا فضل الرحمان نے لکھا کہ تحریک فلسطین کے قائدین کے خاندانوں اور اولادوں کو نشانہ بنانا دراصل دشمن کی ناکامی کا اعتراف ہے۔ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات تحریک جہاد کی جرأت و بسالت اور بزدل صہیونی فوج کے مقابلے میں مضبوط منصوبہ بندی کا اعتراف ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ شہداء کی شہادت صرف فلسطینی قوم کا ہی نہیں بلکہ پوری اسلامی دنیا کا نقصان ہے، انشاء اللہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

فضل الرحمان نے لکھا کہ ہم حماس کی جہاد میں کی گئی کوششوں کی تائید کرتے ہیں اور عالمی برادری سے فلسطینیوں پر جاری جبر و تشدد کے ہمیشہ کے لیے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اپنے خط میں فضل الرحمان نے لکھا کہ ہم اسپتالوں اور پناہ گزینوں کے خیموں کو نشانہ بنانے کی مذمت اور اظہار افسوس کرتے ہیں، فلسطینی مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے جمعیت علماء اسلام اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور قابل قبول حد تک فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

فضل الرحمان نے دعا کی کہ اللہ رب العزت شہداء کو اپنی رحمت سے جنت میں داخل فرمائے۔ آمین

Molana Fazal ur Rehman

Ismail Haniyeh

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div