Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
09 Dhul-Qadah 1445  

’آپ کا سافٹ ویئر وڑ گیا‘ شیرافضل مروت کا اے آئی ماہرین کو مزاحیہ جواب

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مقامی تقریب میں مدعو تھے
اپ ڈیٹ 04 مئ 2024 03:38pm
تصویر بذریعہ: سوشل میڈیا
تصویر بذریعہ: سوشل میڈیا

سوشل میڈیا پر معروف سیاستدانوں سے متعلق دلچسپ معلومات تو بہت ہیں، تاہم کچھ ایسی ہوتی ہیں جو کہ سب کی توجہ خوب سمیٹ لیتی ہیں۔

معروف سیاستدان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کی ایک ایسی ہی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کی ہے، جس میں انہوں نے ایک بار پھر وڑنے کا ذکر کر ڈالا ہے۔

ہری پور میں میٹرکس پاکستان یوتھ سمٹ میں طلبہ کی جانب سے اپنی نئی ایجاد سے متعلق بریف کیا جا رہا تھا۔

سافٹ ویئر ڈیولپرز کی ایک ٹیم نے تصویر دیکھ کر کسی شخص کے ذیابطیس کے مریض ہونے یا نہ ہونے کی تشخیص کرنے والا سافٹ ویئر بنایا تھا جو مصنوعی ذہانت پر انحصار کرتا ہے۔

نوجوان طالب علم نے بتایا کہ سافٹ وئیر تصویر دیکھ کر چند سیکنڈز میں شوگر کے ٹیسٹ کے نتائج بتا دے گا۔ اس کے بعد نوجوان نے شیر افضل مروت کی تصویر سافٹ ویئر کو فیڈ کی اور کچھ لمحے بعد ہی شیر افضل مروت کو مخاطب کرتے ہوئے خوشخبری دی کہ مبارک ہو سر ، ذیابطیس کا منفی رزلٹ آیا ہے۔

جس پر ہال میں تالیاں بجنے لگیں۔

طالب علم کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلی جنس نے 90 فیصد یقین کے ساتھ بتایا کہ شیر افضل مروت ذیابطیس سے متاثر نہیں ہیں۔ اس کے ساتھ ہی نوجوان نے بات ختم کرتے ہوئے شیر افضل مروت سے اس ٹیکنالوجی پر تبصرہ کرنے کو کہا۔

اس پر ممبر قومی اسمبلی نے کہا کہ ویسے تو میں بے حد متاثر ہوا ہوں، اس ڈائیگناسز کے عمل سے۔

لیکن اس کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے انکشاف بھی کر دیا کہ مجھے گزشتہ 12 سال سے ذیابطیس ہے، جس پر ہال میں قہقہے لگنا شروع ہو گئے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ اس بیماری پر میں پاکستان کے بڑے سے بڑے ڈاکٹر سمیت بیرون ملک بھی گیا تاہم آج انکشاف ہوا کہ مجھے ذیابطیس ہی نہیں ہے۔

اس کے ساتھ ہی شیر افضل مروت نے اپنا روایتی جملہ دہراتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے یا تو میرا ذیابطیس وڑ گیا ہے یا پھر آپ کا سافٹ وئیر وڑ گیا ہے۔

اس پر مزید قہقہے لگے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو پر دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

میٹرکس پاکستان یوتھ سمٹ کے منتظمین کے مطابق تقریب میں تین ہزار افراد نے شرکت کی۔

Viral Video

social media

Sher Afzal Marwat

DIABETESE