Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

تائیوان چین کا حصہ ہے، پاکستان ون چائنا اصول کی پاسداری کرتا ہے، صدر مملکت

تائیوان کی آزادی کی کسی بھی شکل کو مسترد کرتے ہیں، آصف علی زرداری
شائع 22 مئ 2024 04:22pm
تصویر بزریعہ چینی خبر رساں ایجنسی ژنہوا
تصویر بزریعہ چینی خبر رساں ایجنسی ژنہوا

صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے پاکستان ون چائنا اصول کی پاسداری کرتا ہے اور ہمیشہ چین کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ ژنہوا کو پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 73ویں سالگرہ کے تناظر میں انٹریو دیتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے دونوں ممالک کے مابین عوامی تبادلوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی نقل و حرکت آسان بنانے کے لیے مزید پالیسیوں کی ضرورت ہے۔

یہ انٹرویو مارچ میں دوسری بار صدر پاکستان بننے کے بعد آصف علی زرداری کا کسی بھی غیر ملکی میڈیا کو یہ پہلا انٹریو ہے۔

اپنے پچھلے دور صدارت میں 9 مرتبہ چین کا دورہ کرنے والے صدر پاکستان نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو مشرق اور چین کی طرف دیکھنے کا کہا تھا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پالیسیوں کا تسلسل چین کی معاشی کامیابی کی ایک اہم وجہ ہے، پاکستان چین کے ترقیاتی عمل میں مزید شامل ہونے کی امید رکھتا ہے، 11 سال قبل پاک، چین اقتصادی راہداری کے آغاز کے بعد سے گوادر بندرگاہ میں بہت سے ترقیاتی کام ہوئے، گوادر بندرگاہ پوری دنیا سے ہمیشہ سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرے گی۔

صدر مملکت نے تائیوان کی آزادی کی کسی بھی شکل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان چین کا حصہ ہے، اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، پاکستان ون چائنا اصول کی پاسداری کرتا ہے، جب کہ پاکستان ہمیشہ چین کے ساتھ کھڑا رہے گا اور چین کے بنیادی مفادات کا تحفظ کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی زبان کو اپنی لازمی نصاب میں شامل کرنے کے حوالے سے پاکستان مزید اسکولوں کی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔

Taiwan

President Asif Ali Zardari

One China