Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

عمران خان مذاکرات اور جو ہوا اسے معاف کرنے کیلئے تیار ہیں، مذاکرات کے راستے کھولے جائیں، بیرسٹر گوہر

محمود خان اچکزئی سے بات کرکے مذاکرات کا آغاز کریں گے، بیرسٹر گوہر
شائع 11 جون 2024 04:29pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان مذاکرات اور ان کے ساتھ جو ہوا اسے معاف کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج وکلا کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی جس میں عمران خان نے کہا بیٹوں سے ان کی بات نہیں کروائی جا رہی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کئی بار کہہ چکے میرے ساتھ جو ہوا معاف کرنے کو تیار ہوں، مذاکرات کے راستے کھولے جائیں، آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

ہم اپنے مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ،اسد قیصر

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے بات کرکے مذاکرات کا آغاز کریں گے، مذاکرات کرنا پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ ہے لیکن محمود خان اچکزئی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد ہے، انہیں اعتماد میں لیں گے، مذاکرات الائنس کی سطح پر بھی ہوں گے، پی ٹی آئی خود بھی آغاز کر سکتی ہے۔

تاثرغلط ہے کہ عمران خان کسی سے بات نہیں کرنا چاہتے، سلمان اکرم

بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے سوا کوئی آپشن نہیں، ہم نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، برف پگھل رہی ہے ہم چاہتے ہیں حالات بہتر ہو جائیں، ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کسی ڈیل سے تعبیر نہ کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کو مذاکرات کے لیے کوئی خط نہیں لکھا، سپریم کورٹ کے مذاکرات کے آپشن کا جواب بھی پی ٹی آئی دے گی۔

chairman pti

Barrister Gohar Ali Khan