Aaj News

بدھ, ستمبر 11, 2024  
06 Rabi ul Awal 1446  

شتروگھن سنہا اپنی فیملی کی کردار کُشی پر پھٹ پڑے

سوناکشی کی شادی میں لُو سنہا کے شریک نہ ہونے پر تنقید بلا جواز ہے، سینیر اداکار کا انٹرویو
شائع 07 جولائ 2024 08:51am

بھارت کے معروف سینیر اداکار شتروگھن سنہا اپنی فیملی پر کی جانے والی تنقید، اندرونی اختلافات کے بارے میں قیاس آرائیوں اور کردار کُشی پر پھٹ پڑے۔

ٹائمز ناؤ سے انٹرویو میں شتروگھن سنہا نے کہا کہ ہم بھی ایک عام ہندوستانی فیملی ہیں۔ جس طرح ہر فیملی میں بعض معاملات پر اختلافات رونما ہوتے ہیں بالکل اُسی طرح ہماری فیملی میں بھی ایسا ہوتا ہے۔ اس پر بہت زیادہ شور مچانے کی ضرورت نہیں۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ سازش کے تحت میری فیملی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ایک سوال پر اُن کا کہنا تھا کہ سوناکشی کی شادی میں لُو کے شریک نہ ہونے کا معاملہ بہت بڑا نہیں۔ ہماری فیملی میں اِس سے بڑے بحران بھی آتے رہے ہیں۔ اس معاملے کو زیادہ اچھالنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔

شتروگھن سنہا نے کہا کہ بالی وُڈ ہی میں نہیں بلکہ پورے بھارتی معاشرے میں اس طرح کی شادیاں ہو رہی ہیں۔ میں اب اپنی فیملی کو اس حوالے سے مزید نشانہ بنائے جانے کو برداشت نہیں کروں گا۔

شتروگھن سنہا کا کہنا تھا کہ سوناکشی کی شادی میں لُو کا شریک نہ ہونا ہماری فیملی کا اندرونی معاملہ ہے۔ کسی اور کو اس حوالے سے زیادہ سوچنے کی ضرورت نہیں۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے امید ہے کہ ظہیر اقبال اپنی ازواجی زندگی کو زیادہ سے زیادہ خوش گوار بنانے کی کوشش کرے گا اور سوناکشی کو ہر حال میں خوش رکھے گا۔

سوناکشی اور ظہیر اقبال کی شادی ممبئی میں 23 جون کو ہوئی تھی۔ شادی کے دن انہوں نے ممبئی کے ایک عالی شان ریسٹورنٹ میں شاندار تقریب کا اہتمام کیا تھا جس میں بالی وُڈ کے بِگ وگِز نے شرکت کی تھی۔

zaheer iqbal

Shatrughan sinha

LIV SINHA

SONAKSHI

TROLLLING