Aaj News

بدھ, جنوری 22, 2025  
21 Rajab 1446  

ہمیں بتایا گیا مدارس کی رجسٹریشن کے خلاف بین الاقوامی دباؤ ہے، اسلم غوری

قومی اسمبلی اور سینیٹ مدارس رجسٹریشن بل کو پاس کر رہے ہیں، کیا پارلیمنٹ سے زیادہ کوئی چیز سپریم ہے؟ اسلم غوری
شائع 05 دسمبر 2024 11:18pm

جمیعت علماء السام (ف) کے ترجمان اسلم غوری کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایا گیا مدارس کی رجسٹریشن کے خلاف بین الاقوامی دباؤ ہے، آپ نے 26ویں ترمیم اور دو متنازع بل پاس کرلئے لیکن یہ نہیں کیا۔

اسلم غوری نے آج نیوز کے پروگرام ”نیوز انسائٹ وِد عامر ضیاء“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکومت ہمیں بتاتی ہے کہ امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے اور دوسری طرف لوگوں کی توجہ اس سے ہٹانے کے لیے ایسی حرکتیں کرتی ہے۔ کوئی تو وجہ ہونی چاہیے تھی اور یہ اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرنے کا طریقہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جمہوری مارشل لاء ہے، یہ پہلا موقع ہے کہ لوگوں کو اسمبلیوں سے گرفتار کیا گیا ہےِ پتہ نہیں حکومت خود اپنے لئے مسائل کیوں بڑھا رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری پی ڈی ایم حکومت میں مدارس رجسٹر نہیں ہورہے تھے، اب مدارس رجسٹر ہونا چاہتے ہیں اور آپ نہیں کرنا چاہتے، ہم نے 16 ماہ کی حکومت میں تیاری کی، پارلیمنٹ میں پہلا ووٹ ہوگیا تو دوسرے ووٹ میں اسے روک دیا گیا۔

اسلم غوری کا کہنا تھا کہ جب 26ویں ترمیم آئی تو اس میں یہ شامل تھا، ہم نے کراچی میں بلاول ہاؤس میں اس پر بات کی تو ہمیں بتایا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی طرح بین الاقوامی دباؤ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح یہ لوگوں کو مشتعل کر رہے ہیں اور غلط بیانی کر رہے ہیں۔ اس کا فیصلہ آپ نے ہمارے ساتھ کیا تھا، دیکھیں قومی اسمبلی اور سینیٹ اسے پاس کر رہے ہیں، کیا پارلیمنٹ سے زیادہ کوئی چیز سپریم ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ مدارس رجسٹریشن کا بل صدر کے پاس ہے اور پیپلز پارٹی نے اسے ووٹ دیا ہے، سب نے اسے ووٹ دیا، پی ٹی آئی نے اسے ووٹ نہیں دیا لیکن انہوں نے اس پر اتفاق کیا۔ آپ نے 26ویں ترمیم اور دو متنازع بل پاس کرلئے لیکن یہ نہیں کیا۔

JUIF

Madaris Registration Bill