کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری جان سے گیا، ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی گولی سے ہلاک
کراچی میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے ایک اور شہری جاں بحق ہوگیا۔ فروری کے مہینے میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران جاں بحق ہونے والوں کی تعداد دو ہوگئی۔
پولیس کے مطابق، حالیہ واقعہ سولجر بازار جماعت خانے کے قریب پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے شہریوں کو لوٹنے کی کوشش کی۔ شہریوں کی جانب سے مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دو شہری طاہر اور صدام زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دوران علاج طاہر جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ مقتول طاہر کا تعلق بلوچستان سے تھا اور وہ سولجر بازار کا رہائشی تھا۔
کراچی میں رواں سال اب تک ڈکیتی مزاحمت پر سات افراد قتل ہوچکے ہیں۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں دو مسلح ملزمان کو موٹرسائیکل پر شہریوں کو روکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں واضح ہے کہ ایک شہری نے مزاحمت کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا، جس پر دوسرے ڈاکو نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
مقتول طاہر بزنجو کے کزن کا انکشاف
ڈکیتی مزاحمت کے دوران جاں بحق ہونے والے طاہر بزنجو کے کزن قاسم نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مقتول طاہر اور زخمی صدام آپس میں رشتے دار تھے۔
قاسم نے آج نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ رات تقریباً ساڑھے تین بجے طاہر اور صدام کھانے کے لیے گھر سے نکلے تھے کہ ڈاکوؤں نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی۔ طاہر نے ڈاکوؤں کے خلاف مزاحمت کی، جس پر ایک ڈاکو کے ساتھی نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے ایک ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ طاہر اور صدام زخمی ہوئے۔
قاسم نے مزید بتایا کہ طاہر سولجر بازار میں اپنی بہن کے گھر آیا ہوا تھا اور اس کا تعلق بلوچستان کے علاقے تربت سے تھا۔ مقتول طاہر غیر شادی شدہ تھا۔
Comments are closed on this story.