Aaj News

منگل, مارچ 25, 2025  
24 Ramadan 1446  

چین کی ترقی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، پاکستان کی اولین ترجیح اپنے استحکام پر مرکوز ہے، صدر آصف زرداری

چین نے کبھی بھی کسی قابض ملک کا کردار ادا نہیں کیا، صدر زرداری
شائع 15 فروری 2025 01:27pm

صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی سدا بہار ہے، جو صرف اچھے وقتوں تک محدود نہیں بلکہ ہر حال میں قائم رہے گی۔ انہوں نے پاک چین تعلقات کو تاریخی اور نسلوں پر محیط قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک قریبی ہمسائے ہیں اور ہر حال میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

صدر مملکت نے چین کے نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان چین کی ترقی سے سیکھنا چاہتا ہے اور اپنے جغرافیائی محل وقوع سے مکمل طور پر فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے سیاسی فلسفے اور طرز حکمرانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مضبوط اور مستقل مزاج رہنما ہیں جو عالمی حالات کا بھرپور ادراک رکھتے ہیں۔

صدر مملکت نے چین کی ترقی کو دنیا کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے کبھی بھی کسی قابض ملک کا کردار ادا نہیں کیا اور وہ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی ترقی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ اس سے سیکھنا چاہیے۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر یقین رکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سڑکوں، روابط اور مواصلات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین زرعی شعبے میں پاکستان کی مدد کر سکتا ہے کیونکہ پاکستان میں فی ایکڑ پیداوار چین کے مقابلے میں کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ خصوصی صنعتی زونز پر کام کر رہا ہے اور خلائی شعبے میں اپنی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی تعاون کو فروغ دے رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی اور پاکستان کی اولین ترجیح اپنے استحکام پر مرکوز ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں اور دونوں ممالک مل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔