Aaj News

بدھ, اپريل 30, 2025  
03 Dhul-Qadah 1446  

فیکٹ چیک: کیا کراچی اور ساحلی علاقوں میں کل شدید گرمی ہوگی؟

خبر کی حقیقت جاننے کے لیے آج نیوز نے محکمہ موسمیات سے رابطہ کیا تو کیا معلوم ہوا؟
شائع 11 مارچ 2025 03:11pm

کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں کل (12 مارچ) کے روز شدید گرمی کی پیشگوئی سے متعلق ایک غیر مصدقہ وائرل پیغام نے سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس میں ہلچل مچا دی ہے۔ پیغام میں آگ اور سائرن کی ایموجیز کے ساتھ دعویٰ کیا گیا کہ کراچی، ٹھٹھہ، نوری آباد، لسبیلہ، کیٹ بندر اور ملحقہ علاقوں میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

شہر میں پہلے سے خشک اور گرم موسم کے باعث کئی لوگوں نے اس خبر کو سنجیدہ لیا، اور یہ پیغام تیزی سے پھیل گیا۔ گزشتہ ہفتے کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 20.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔

وائرل پیغام میں دعویٰ کیا گیا کہ کراچی میں گرمی کی شدت 90 فیصد جبکہ شہر کے شمالی علاقوں میں 95 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ اس میں شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں کیونکہ سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث شمال سے گرم ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جو درجہ حرارت میں مزید اضافے کا سبب بن سکتی ہیں۔

تاہم، اس خبر کی حقیقت جاننے کے لیے آج نیوز نے محکمہ موسمیات سے رابطہ کیا، جس نے ایسی تمام خبروں کی تردید کردی۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر نے آج نیوز کو بتایا کہ ایسی کوئی پیشگوئی نہیں کی گئی اور ساحلی ہوائیں آج (منگل) سے بحال ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدھ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے، جبکہ جمعرات سے کراچی میں تیز ہوائیں چلنے لگیں گی۔ بدھ سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

منگل کے روز کراچی میں موسم خشک رہا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان تھا، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت 39.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ 10 دنوں تک کراچی کے موسم میں بہتری متوقع ہے۔

karachi weather

KARACHI HOT WEATHER