Aaj News

ہفتہ, مئ 24, 2025  
26 Dhul-Qadah 1446  

لاہور بڑی تباہی سے بچ گیا، کالعدم تحریک طالبان کا مبینہ خودکش بمبار گرفتار

سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی
شائع 15 مارچ 2025 12:02am

لاہور کے علاقے برکی روڈ کے قریب سی ٹی ڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے مبینہ خودکش بمبار کو گرفتار کرلیا، جبکہ ایک دہشت گرد زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے برکی روڈ کے قریب کارروائی کی، جس میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خود کش دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا زخمی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار خود کش بمبار کی شناخت حافظ شمس کے نام سے ہوئی ہے، جو بلوچستان کا رہائشی ہے اور اس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے، خودکش بمبار کے قبضے سے خودکش جیکٹ، سیفٹی فیوز وائر اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، جبکہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے برکی کے نواحی علاقوں کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد لاہور پربڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے، مگر بروقت کارروائی سے شہر بڑی تبادہی سے بچ گیا۔ سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

lahore

punjab

Punjab police

CTD Punjab