محکمہ موسمیات نے پاکستان میں عیدالفطر کی تاریخ بتا دی
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں عید الفطر 31 مارچ کو ہونے کا امکان ہے، شوال 1446ہجری کا نیا چاند پاکستانی وقت کے مطابق 29 مارچ کو 3 بج کر 58 منٹ پرجنکشن پوائنٹ پر پیدا ہوگا۔ نئے چاند کے فلکیاتی پیرامیٹرز اور پاکستان کے موسمیاتی ادارے کے پائلٹ بیلون آبزرویٹریز میں اوسط بادلوں کی مقدار بھی جاری کر دی گئی ہے۔
فلکیاتی پیمانوں کے مطابق 30 مارچ 2025 کی شام (یعنی 29 رمضان 1446ہجری) نئے چاند کے نظر آنے کا اچھا امکان ہے۔ موسمیاتی ریکارڈ کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود یا خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔
قبل ازیں، محکمہ موسمیات کے فوکل پرسن انجم نذیر کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 30 مارچ کو ہوگا، جب چاند کی عمر 27 گھنٹے ہوگی اور وہ بآسانی دیکھا جا سکے گا۔ غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے کا فرق ہوگا، جس کے باعث چاند ایک گھنٹے تک نظر آنے کے امکانات واضح ہیں۔
انجم نذیر نے بتایا کہ 30 مارچ کو چاند نظر آنے کے بعد یکم شوال 31 مارچ کو ہوگی، تاہم شوال کے چاند کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
کراچی میں عید کے دوران موسم گرم رہنے کی توقع ہے، جہاں درجہ حرارت 36 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
انجم نذیر کے مطابق عید کے دنوں میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی، جس کی وجہ سے موسم خوشگوار محسوس ہوگا، تاہم نمی زیادہ ہونے کے باعث گرمی کی شدت قدرے زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔
Comments are closed on this story.