Aaj News

منگل, مئ 13, 2025  
15 Dhul-Qadah 1446  

جنوبی وزیرستان: وانا میں امن کمیٹی دفتر پر بم دھماکہ، 7 افراد جاں بحق، 9 زخمی

دھماکہ مقامی امن کمیٹی کے ایک رکن کے دفتر میں ہوا
اپ ڈیٹ 28 اپريل 2025 05:18pm

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں واقع ایک مقامی امن کمیٹی کے دفتر میں زور دار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق اور نو زخمی ہو گئے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے بعد مجموعی طور پر سولہ افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جن میں سے سات جانبر نہ ہو سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ امن کمیٹی کے دفتر کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی لوگ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو ملبے سے نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نو زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

تاحال دھماکے کی نوعیت اور اس کے محرکات کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں اور دھماکے کے ذمہ داروں کا سراغ لگانے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

دھماکے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور مقامی افراد میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔

وزیراعظم، وزیرداخلہ کی وانا میں دہشتگرد حملے کی مذمت

وزیراعظم شہباز شریف نے وانا میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔

وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور بیان میں کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی وانا میں دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ انھوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

South Waziristan

Wana Blast