شمالی وزیرستان: سیکورٹی فورسز کی تین دن کامیاب کارروائیاں، 71 خوارج ہلاک
شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز نے 25 سے 28 اپریل 2025 کے دوران کامیاب کارروائیوں میں 71 خوارج ہلاک کردئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 25 سے 27 اپریل کے دوران 54 خوارج ہلاک کئے۔
اس کے بعد 27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب، حسن خیل اور اس کے گردونواح میں، پاکستان-افغانستان سرحد کے ساتھ ایک منظم صفائی آپریشن کیا گیا۔
اس آپریشن کے دوران مزید 17 خوارج، جو اپنے بھارتی آقاؤں کے کہنے پر دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے تھے، نشانہ بنا کر انجام کو پہنچا دیے گئے۔ ہلاک شدہ خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
54 خوارج کی ہلاکت: پہلے سے اطلاع تھی، لشکر کو جان بوجھ کر اندر آنے دیا گیا، وزیر داخلہ
تین دن جاری رہنے والے انسداد دہشت گردی آپریشن میں مارے جانے والے خوارج کی مجموعی تعداد 71 ہو چکی ہے۔
سیکورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک کی سرحدوں کے تحفظ، امن، استحکام اور پاکستان کی ترقی کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہر قیمت پر دشمن عناصر کا قلع قمع جاری رکھیں گے۔
صدرمملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا خراجِ تحسین
صدرمملکت آصف زرداری نےمزید 17 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کامیاب کاروائیاں کرنا خوش آئند ہے، دہشت گرد عناصرکے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔ صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے بیان میں فورسزکوخراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسزدہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے، ہماری دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسزکو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ فورسزنے مزید 17 دہشتگردوں کوجہنم واصل کر کے دراندازی کو ناکام بنایا، خوارجی دہشتگردوں کا انجام عبرتناک موت ہے۔
محسن نقوی نے اپنے بیان میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Comments are closed on this story.