ہمارے شہریوں اور فوجیوں کی بہادری اور قربانی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن کی کوئی بھی سازش پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو ختم نہیں کرسکتی جبکہ ہمارے شہریوں اور فوجیوں کی بہادری اور قربانی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے، معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستانی عوام کی ثابت قدمی، عزم اور متحد ردعمل کا مظاہرہ ملکی عسکری تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا اور معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے دوران زخمی ہونے والے فوجی جوانوں اور معصوم شہریوں کی عیادت کی۔
دورے کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فرداً فرداً تمام زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی اور زخمیوں کے غیر معمولی جذبے، بہادری اور فرض شناسی کی تعریف کی۔
پاک فوج کے سپہ سالار نے زخمیوں کی مسلسل دیکھ بھال، بحالی اور بہبود کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہمارے شہریوں اور فوجیوں کی بہادری اور قربانی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہیں، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ہر رکن کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن کا کوئی بھی منصوبہ اور سازش پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو ختم نہیں کر سکتی۔
پاک فوج کے سربراہ نے مزید کہا کہ معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے ساتھ جس پُرعزم اور متحد ردعمل کا مظاہرہ کیا گیا، وہ ملک کی عسکری تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 10 مئی کو بھارتی جارحیت کے جواب میں ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کا آغاز کیا تھا۔
پاکستان کی مسلح افواج نے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور ایس 400 میزائل دفاعی نظام کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔
Comments are closed on this story.