قطر منجمد فنڈز میں سے 6 ارب ڈالر ایران کو واپس دے گا: صدر مسعود پزشکیان

ہماری کوششیں باقی ماندہ منجمد ایرانی فنڈز کو واپس حاصل کرنے کے لیے بھی مسلسل جاری رہیں گی: ایرانی صدر
شائع 29 جون 2026 02:10pm

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے ملک کو قطر میں منجمد کیے گئے بارہ ارب ڈالرز کے فنڈز میں سے چھ ارب ڈالر کی رقم بہت جلد واپس مل جائے گی۔

ایران کے شہر قم کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے اس بات کی تصدیق کی اور اسے اپنے ملک کے عوام کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔

انہوں نے امریکا کے ساتھ ہونے والے حالیہ معاہدے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ حالیہ معاہدہ ایک اہم کامیابی اور ایرانی عوام کی ایک بڑی فتح تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نئے معاہدے کے تحت ایران کے تیل اور پیٹرو کیمیکل کے شعبوں پر لگی ہوئی سخت عالمی پابندیاں بھی اب ختم کر دی گئی ہیں، جس سے ملک کی معیشت کو بڑا فائدہ پہنچے گا۔

ایرانی صدر نے قطر میں موجود اپنے ملک کے پیسوں کی واپسی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ طے شدہ منصوبے کے مطابق، قطر میں منجمد ہمارے بارہ ارب ڈالر کے فنڈز میں سے چھے ارب ڈالر جاری کر دیے جائیں گے اور ملک کو واپس مل جائیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ہماری کوششیں باقی ماندہ منجمد ایرانی فنڈز کو واپس حاصل کرنے کے لیے بھی مسلسل جاری رہیں گی تاکہ عوام کا پورا پیسہ ملک میں واپس لایا جا سکے۔

اس موقع پر انہوں نے دنیا بھر کو اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے بھی اطمینان دلانے کی کوشش کی اور ملک کی پرانی پالیسی کا اعادہ کیا۔

صدر مسعود پزشکیان نے ایران کے سابق رہنما کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے یہ اعلان کیا تھا کہ ہم جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کر رہے، اور ہم اس موقف پر اب بھی قائم ہیں۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری کو یقین دہانی کرواتے ہوئے مزید کہا کہ ہم عالمی برادری کو یقین دلاتے ہیں کہ ہماری جوہری سرگرمیاں ملک کی ضروریات کے مطابق ہوں گی اور ہماری اعلان کردہ پالیسیوں کے دائرے کے اندر ہی رہیں گی۔