لاہور : جناح اسپتال اندھیروں میں ڈوب گیا، آپریشنز معطل، مریض اور عملہ پریشان
لاہور شہر کا بڑا سرکاری اسپتال، جناح اسپتال چار گھنٹے سے زائد وقت تک بجلی کی بندش کا شکار رہا، جس کے باعث اسپتال کے بیشتر شعبے اندھیرے میں ڈوب گئے اور جاری آپریشنز کو بھی روکنا پڑا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق بجلی کی بندش کی وجہ تکنیکی خرابی ہے، جس کی مرمت کے لیے لیسکو حکام کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
بجلی کی طویل بندش کے باعث اسپتال میں موجود مریضوں اور طبی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ آپریشن تھیٹرز، لیبارٹریز اور دیگر اہم شعبہ جات متاثر ہوئے، جس کے باعث متعدد آپریشنز موخر کر دیے گئے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال کے چند ضروری ڈیپارٹمنٹس کو جنریٹرز کے ذریعے بجلی فراہم کی گئی ہے تاکہ ایمرجنسی سروسز کسی حد تک بحال رہیں۔ تاہم، مجموعی طور پر اسپتال میں بجلی کی غیر موجودگی سے مریضوں کو علاج میں دشواری کا سامنا ہے۔
شہریوں اور مریضوں کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی بندش جیسے مسائل کو فوری حل کرنے کے لیے اسپتال میں متبادل انتظامات کو بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کی صورتحال سے بچا جا سکے۔
Comments are closed on this story.