Aaj News

منگل, جولائ 08, 2025  
13 Muharram 1447  

جنگ مسائل کا حل نہیں، پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، بلاول بھٹو

عالمی برادری جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرے، برسلز میں پریس کانفرنس
اپ ڈیٹ 14 جون 2025 07:06pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے برسلز میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امن کا پیغام لے کر یورپ آئے ہیں، پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے بھارت کو بھی بات چیت کی میز پر آنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، اور اسی باعث ہر بار کشیدگی تیزی سے بڑھ جاتی ہے۔ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، اور یہ اقدام نہ صرف اشتعال انگیز ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پارلیمانی وفد تشکیل دیا گیا تاکہ بین الاقوامی برادری کو پاکستان کا مؤقف واضح کیا جائے۔ بلاول نے کہا کہ بھارت ہمیشہ مذاکرات سے راہ فرار اختیار کرتا ہے، اگر مذاکرات نہیں ہوں گے تو کشیدگی بڑھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے پر بھارت کو غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بات کی گئی ہے اور پاکستان عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرتا رہے گا۔

بلاول نے اسرائیل اور ایران کے مابین حالیہ کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگ بندی کے لیے فوری کردار ادا کرے۔

بلاول بھٹو نے دہشت گردی کے حوالے سے کہا کہ دہشت گردوں کا نہ کوئی مذہب ہوتا ہے، نہ کوئی سرحد۔ ان کے خلاف متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔

Bilawal Bhutto Zardari

Parliamentary delegation