پاکستان کی اسرائیل پر جوہری حملے کی دھمکی کا جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا بے نقاب
انتہا پسند بھارتی حکومت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کے مزید شواہد منظر عام پر آگئے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا شروع کیا گیا ہے۔ را کے فیک اکاؤنٹ ”@Iriran_official“ نے یہ جھوٹا دعویٰ کیا کہ ’اسرائیلی چینلز کے مطابق پاکستان نے امریکا کو آگاہ کیا کہ اگر ایران پر جوہری حملہ ہوا تو پاکستان اسرائیل کے خلاف جوہری ردعمل دے گا۔‘
ذرائع کے مطابق، بھارتی خفیہ ایجنسی را کے اس منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا مقصد اسرائیل کے لیے عالمی سطح پر ہمدردیاں پیدا کرنا ہے۔ تاہم پاکستان کی وزارت خارجہ نے اس زہریلے پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
ذرائع نے واضح کیا ہے کہ حکومت پاکستان پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ وہ ایران کی بین الاقوامی فورمز پر اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گی۔
ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ اس جعلی خبر کے جھوٹا ہونے کا ایک اور ثبوت یہ ہے کہ مذکورہ بیان کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) نے ایک وضاحتی نوٹ بھی شامل کیا ہے۔ وضاحتی نوٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ’کسی بھی مستند یا سرکاری ذرائع نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ پاکستان نے امریکا کو ایسا کوئی پیغام دیا ہے۔‘
پروپیگنڈا مہم میں خواجہ آصف کے حوالے سے بھی جھوٹ بولا گیا کہ پاکستان نے ایران کو حملے سے قبل انٹیلی جنس معلومات فراہم کیں، جبکہ ذرائع کے مطابق خواجہ آصف نے 14 جون کو قومی اسمبلی میں ایسا کوئی اعتراف نہیں کیا۔
اس کے برعکس اب آر ٹی وی نے بھی اس بیان کی غلط تشریح کرنے پر معذرت کرلی ہے۔ ذرائع کے بقول یہ دراصل آر ٹی وی کا بھی ایک طرح سے اعتراف ہے کہ وہ اس پروپیگنڈے کا شکار ہو گئے۔
ذرائع نے یاد دلایا کہ اس سے قبل بھی بھارتی خفیہ ایجنسی را اور اسرائیل مل کر پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کی سازشوں میں مصروف رہے، لیکن ناکامی کے بعد اب ”را“ نے یہ نیا اور گھٹیا پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منفی پروپیگنڈے کا ایک اور مقصد پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اہم دورہ امریکا سے توجہ ہٹانا بھی ہے۔
Comments are closed on this story.