Aaj News

جمعرات, جولائ 17, 2025  
21 Muharram 1447  

فنانس بل پر تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے درمیان رابطے، بجٹ پر حکومت کو دباؤ میں لینے کا فیصلہ

راجہ پرویز اشرف کی اسد قیصر کی پیشکش کو سنجیدگی سے لینے کی یقین دہانی
شائع 16 جون 2025 01:51pm

فنانس بل 2025 کے تناظر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے باضابطہ رابطہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران اسد قیصر نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے حالیہ بیانات سے آگاہ ہیں جن میں بجٹ بائیکاٹ کا عندیہ دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی واقعی سنجیدہ ہے تو بجٹ میں ووٹنگ کے وقت بائیکاٹ میں تحریک انصاف کا ساتھ دے۔

راجہ پرویز اشرف نے اسد قیصر کی پیشکش کو سنجیدگی سے لینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس تجویز کو پارٹی قیادت، خصوصاً بلاول بھٹو زرداری کے سامنے رکھیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو آج پارلیمنٹ آرہے ہیں اور وہ ان سے اس معاملے پر مشاورت کریں گے۔

پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کا ہنگامی اجلاس، وفاق کو دباؤ میں لینے کا فیصلہ

پیپلزپارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کا ایک اہم ہنگامی اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 2 میں منعقد ہوا، جس میں وفاقی بجٹ 2025-26 کے حوالے سے پارٹی کے تحفظات اور خدشات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں بجٹ کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی اور خاص طور پر سولر پر ٹیکس عائد کیے جانے، سندھ سے متعلق امور اور ترقیاتی فنڈز شامل نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات بھی زیربحث آئے، جب کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ایف بی آر کی پالیسیوں پر بھی ارکان نے سخت اعتراضات کیے۔

اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت پر سیاسی دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا اور بجٹ سے متعلق اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کرنے کی بھی تجویز سامنے آئی۔ ارکان نے واضح عندیہ دیا کہ اگر بجٹ میں ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ راست اقدام اٹھانے سے گریز نہیں کریں گے۔

پارلیمانی پارٹی کی سطح پر واضح مؤقف اختیار کیا گیا کہ ”ہم حکومت کے اتحادی ضرور ہیں لیکن عوامی مشکلات پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔“ اجلاس میں شریک ارکان نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ پیپلزپارٹی عوامی مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن سیاسی اور پارلیمانی قدم اٹھائے گی۔

Finance Bill

Pakistan People's Party (PPP)

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Budget 2025 2026