سائرن بجتے ہی اسرائیلی نیوز چینل میں کھلبلی، اینکرز مہمانوں سمیت لائیو پروگرام چھوڑ کر بھاگ گئے
سائرن کی آواز بجتے ہی اسرائیلی نیوز چینل پر لائیو پروگرام کے دوران اسٹوڈیو میں موجود اینکرز اور مہمانوں میں کھلبلی مچ گئی اور وہ فوراً اسٹوڈیو چھوڑ کر بھاگ نکلے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر وائرل ہو رہی ہے، ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی سائرن بجے، میزبان اور مہمان بحث کو ادھورا چھوڑ کر محفوظ مقام کی طرف دوڑے، جس کے بعد پروگرام روک دیا گیا۔
یہ منظر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’اسرائیلی ٹی وی پر لائیو ڈسکشن کے دوران جیسے ہی ایرانی میزائل حملے کی وارننگ دینے والے سائرن بجے، میزبان اور مہمان فوراً اسٹوڈیو چھوڑ کر بھاگ نکلے، اور پروگرام بند کر دیا گیا۔‘
دوسری جانب چند روز قبل ایران میں بھی اسی نوعیت کی صورتحال دیکھنے میں آئی جب اسرائیلی حملے کے دوران ایک ایرانی نیوز چینل کی خاتون اینکر سحر امامی نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔ حملے کے دوران وقتی طور پر نشریات متاثر ہوئیں لیکن سحر امامی نہ گھبرائیں اور چند لمحوں بعد دوبارہ اسکرین پر آ کر نشریات بحال کیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے سحر امامی کے حوصلے کو خوب سراہا اور کہا کہ جنگی صورتحال میں بھی جان کی پرواہ کئے بغیر پیشہ ورانہ ذمہ داری کو نبھانا قابل تحسین عمل ہے۔
Comments are closed on this story.