کراچی میں واٹر ٹینکر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی
کراچی میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے ایک اور شہری کی جان لے لی، 50 سالہ ہاشم کام پر جانے کے لیے گھر سے نکلا اور کورنگی صنعتی ایریا میں ٹینکر کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا جبکہ رواں سال ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 428 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار 2 بیٹیوں کے باپ کو کچل ڈالا۔
موٹر سائیکل سوار کی شناخت 50 سالہ محمد ہاشم کے نام سے کرلی گئی ہے، جاں بحق شخص کی لاش پہلے جناح اسپتال منتقل کی گئی پھر لاش کو اسپتال سے چھیپا سرد خانے منتقل کردیا گیا۔
متوفی ہاشم کے بھائی نے بتایا کہ وہ صبح 7 بجے گھر سے نجی کمپنی کام پر جانے کے لیے نکلا تھا حادثے کی اطلاع صبح 11 بجے ملی۔
حادثے کا ذمہ دار ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے ٹینکر کو تحویل میں لے لیا۔
رواں سال ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 428 ہوگئی جبکہ 135 افراد کو ہیوی ٹریفک نے کچل ڈالا۔
Comments are closed on this story.