Aaj News

جمعرات, جولائ 17, 2025  
21 Muharram 1447  

پنجاب میں غیرقانونی فلنگ اسٹیشنز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

فلنگ اسٹیشنز چلانے والوں کے کے خلاف دہشتگردی کے دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی، خواجہ سلمان رفیق
شائع 03 جولائ 2025 07:17pm

پنجاب بھر میں ناقص ایل پی جی سلنڈر اور غیر قانونی فلنگ اسٹیشنز کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا۔ چیئرمین کابینہ کمیٹی امن وامان خواجہ سلمان رفیق نے غیر معیاری سلنڈر اور فلنگ کرنے والوں کو وارننگ دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے خبردار کیا ہے کہ غیر معیاری سلنڈر بھرنے اور خطرناک فلنگ اسٹیشنز چلانے والوں کو اب سخت سزائیں دی جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ ایسے کیسز میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی، کیونکہ یہ غفلت معصوم جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہی ہے۔

ڈی سی لاہور کا غیر قانونی گیس فلنگ کرنے والوں کیخلاف شکنجہ سخت کرنے کا حکم

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ چاہے واقعہ لاہور کا ہو یا احمد پور شرقیہ کا، رکشوں اور وینز میں نصب ناقص سلنڈرز نے متعدد المناک حادثات کو جنم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان دھماکوں میں جھلسنے والے کئی بچے اور خواتین تاحیات معذوری کا شکار ہوچکے ہیں۔ لاہور کے شہری ان واقعات سے خوفزدہ ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت مؤثر اور عملی حکمت عملی اپنائے تاکہ جانوں کا تحفظ ممکن ہو۔

پنجاب بھرمیں 15روزبعد سی این جی اسٹیشنز کو گیس سپلائی بحال

احمد پور شرقیہ میں حالیہ وین دھماکے کے بعد صوبائی حکومت نے کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ مختلف شہروں میں غیر معیاری فلنگ اسٹیشنز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، کئی دکانیں بند اور سامان ضبط کیا جا چکا ہے۔

دوسری جانب، شہر بھر میں قائم ہزاروں فلنگ اسٹیشنز پر نہ تو کوئی حفاظتی کٹ دستیاب ہے، نہ چیکنگ کا نظام موجود ہے۔ بیشتر اسٹیشنز پر کام کرنے والے ملازمین تربیت یافتہ نہیں اور حفاظتی ایس او پیز سے ناآشنا ہیں۔

فلنگ اسٹیشن مالکان کا مؤقف ہے کہ حکومت خود ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی ہے اور اب کاروبار بند کر کے انہیں نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

punjab

Decision to crack down

on illegal filling stations