ترکیہ کے ساحل کے نزدیک روسی آئل ٹینکر پر حملہ
ترکیہ کے ساحل کے قریب روسی آئل ٹینکرز پر حملے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ترک حکام نے کہا ہے کہ ایک روسی پرچم والا ٹینکر، جو روس سے جارجیا کی طرف سورج مکھی کے تیل کے ساتھ روانہ تھا، ترکیہ کے ساحل کے نزدیک حملے کا نشانہ بنا ہے، تاہم اس کے 13 عملے کے ارکان محفوظ ہیں۔
ترکیہ کی میرین اتھارٹی نے منگل کو بتایا کہ بحری جہاز مڈوولگا ٹو ساحل سے تقریباً 80 میل (129 کلومیٹر) کے فاصلے پر حملے کی اطلاع ملی ہے، لیکن اس نے کسی امداد کی درخواست نہیں کی اور وہ ترکیہ کے سنُوپ بندرگاہ کی جانب رواں دواں ہے۔
ترکیہ کے میرین افیئرز ڈائریکٹوریٹ نے حملے کی دیگر تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گزشتہ جمعہ کو یوکرینی بحری ڈرونز نے بلیک سی میں دو روسی ٹینکروں کو نشانہ بنایا تھا، جو روسی بندرگاہ کی جانب تیل لے جانے کے لیے جا رہے تھے، تاکہ بیرونی منڈیوں کے لیے روس کے تیل کے کاروبار پر دباؤ ڈالا جا سکے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے پیر کے روز کہا تھا کہ بلیک سی میں تجارتی جہازوں پر حملے ناقابل قبول ہیں اور انہوں نے تمام متعلقہ فریقین کو اس بارے میں خبردار کیا ہے۔














