جاپان میں زلزلے کے بعد سونامی اور آفٹر شاکس کا خطرہ، کتنا نقصان ہوا؟

زلزلے کے بعد تقریباً 800 گھروں میں بجلی معطل ہوئی جبکہ شِنکانسن بلٹ ٹرینوں سمیت کئی مقامی ٹرینیں روک دی گئیں
اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2025 10:50am

جاپان میں پیر کی رات ایک طاقتور زلزلے نے شمالی ساحلی علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا، جس کے بعد منگل کو حکام نقصان کا جائزہ لینے اور عوام کو ممکنہ آفٹر شاکس کے بارے میں خبردار کرنے میں مصروف رہے۔ زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی، جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے اسے 7.6 قرار دیا۔

جاپان کی فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ایجنسی کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 33 افراد زخمی ہوئے جن میں ایک شخص کی حالت تشویش ناک ہے۔ جاپانی نشریاتی ادارے ‘این ایچ کے’ کے مطابق زیادہ تر لوگ اپنے گھروں میں گرنے والی اشیا سے زخمی ہوئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق، جاپان کی وزیر اعظم سانائی تاکائچی نے ایک ہنگامی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت لوگوں کی جان بچانے کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے شہریوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ احتیاط کریں اور اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

زلزلہ پیر کی رات تقریباً 11 بج کر 15 منٹ پر بحرالکاہل میں آوموری کے ساحل سے تقریباً 80 کلومیٹر دور آیا۔ اس کے بعد علاقے میں 70 سینٹی میٹر تک بلند سونامی کی لہریں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ کچھ مقامات پر 50 سینٹی میٹر تک لہریں پہنچیں جن سے چند اوئسٹر فارموں کو نقصان پہنچا۔

یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 18 افراد ہلاک

جاپان موسمیاتی ایجنسی نے صبح ساڑھے چھ بجے تمام سونامی وارننگز واپس لے لیں، تاہم آئندہ دنوں میں مزید آفٹر شاکس کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ شمال مشرقی ساحل پر بڑے زلزلے اور ممکنہ سونامی کا خطرہ معمول سے قدرے زیادہ ہے، اس لیے 182 علاقوں کے رہائشی محتاط رہیں۔

زلزلے کے بعد تقریباً 800 گھروں میں بجلی معطل ہوئی جبکہ شِنکانسن بلٹ ٹرینوں سمیت کئی مقامی ٹرینیں روک دی گئیں۔ منگل کی صبح تک بجلی بحال کردی گئی اور ٹرین سروس بھی بحالی کے مراحل میں ہے۔

تقریباً 480 افراد نے ہاچینوہے ایئر بیس میں پناہ لی، اور نقصان کا جائزہ لینے کے لیے ڈیفنس فورس کے 18 ہیلی کاپٹر تعینات کیے گئے۔ ہوکائیڈو کے نیو چیٹوز ہوائی اڈے پر تقریباً 200 مسافر رات بھر پھنسے رہے کیونکہ ٹرمینل کی چھت کا کچھ حصہ ٹوٹ کر گر گیا تھا۔

بھارتی ریاست گوا کے نائٹ کلب میں آتشزدگی، 25 افراد ہلاک

جوہری توانائی کے معاملات دیکھنے والے ادارے نے بتایا کہ آوموری کے روکا شو پروسیسنگ پلانٹ میں استعمال شدہ ایندھن کے ٹینک سے 450 لیٹر پانی باہر نکلا، لیکن اس سے کوئی حفاظتی خطرہ پیدا نہیں ہوا۔ دیگر جوہری تنصیبات بھی محفوظ قرار دی گئیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کے بعد 6.6 اور پھر 5.1 شدت کے آفٹر شاکس ریکارڈ کیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 2011 کے تباہ کن زلزلے اور سونامی میں ہونے والے بڑے نقصان کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کو ہر ممکن احتیاط کرنی چاہیے۔

جاپانی اداروں نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایمرجنسی پلان تیار رکھیں اور آئندہ ہفتے کے دوران ممکنہ جھٹکوں کے لیے تیار رہیں۔

Japan

Prime Minister Sanae Takaichi

Damage Assesment

Japan Earthquake