یو اے ای میں جمعے کی اذان و نماز کا نیا نظام متعارف

جمعہ کا خطبہ اور نماز دوپہر 12 بج کر 45 منٹ پر تمام مساجد میں ایک ساتھ ادا کی جائے گی
شائع 10 دسمبر 2025 09:38am

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ملک بھر کی تمام مساجد میں جمعہ کی نماز اور خطبے کا وقت یکساں کردیا ہے۔ اماراتی جنرل اتھارٹی آف اسلامی امور کے مطابق نیا نظام 2 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگا،

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 2 جنوری 2026 سے جمعہ کا خطبہ اور نماز دوپہر 12 بج کر 45 منٹ پر تمام مساجد میں ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔

اتھارٹی کے مطابق اس فیصلے کا مقصد تمام امارات میں یکسانیت پیدا کرنا اور عبادت گزاروں کے لیے بہتر انتظامی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس سے قبل دبئی اور ابوظبی میں جمعہ کی نماز عام طور پر ڈیڑھ بجے جبکہ شارجہ اور شمالی امارات میں تقریباً ساڑھے بارہ بجے ادا کی جاتی تھی، مگر اب پورے ملک کے لیے ایک ہی وقت مقرر کردیا گیا ہے۔

جنرل اتھارٹی نے نمازیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کی پوری پابندی کریں اور نماز کو اس کے متعین کردہ وقت پر ادا کرنے کا اہتمام کریں، تاکہ خطبہ اور نماز بروقت اور منظم انداز میں ادا ہوسکیں۔

new system

introduced

in UAE

and azan

for Friday prayer