پاکستان مخالف پروپیگنڈا: بولی ووڈ فلم ’دھرندھر‘ پر چھ خلیجی ممالک میں پابندی
بولی ووڈ کی نئی جاسوسی تھرلر فلم ”دھرندھر“ نے بھارت میں تو زبردست کامیابی حاصل کی ہے، لیکن اس کی بین الاقوامی سطح ، خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں، مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
بولی ووڈ ہنگامہ کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم کی ریلیز پر چھ خلیجی ممالک بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان مخالف پروپیگڈے کے باعث پابندی لگا دی گئی ہے۔
’دُھرندھر‘ کو کامیاب بنانے کے لیے کس خفیہ ہتھیار کا استعمال کیا گیا؟
رپورٹ کے مطابق ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ فلم کو ’پاکستان مخالف‘ سمجھا گیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ اس کی ریلیز کی اجازت نہیں دی گئی۔ ”دھرندھر“ کی ٹیم نے خلیج کے ممالک میں ریلیز کے لیے درخواست دی تھی، جو بولی وڈ کے لیے ایک اہم مارکیٹ سمجھی جاتی ہے، لیکن ہر جگہ اسے مسترد کر دیا گیا، اس لیے فلم کو کسی بھی خلیجی ملک میں ریلیز نہیں کیا گیا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بھارتی فلموں کو مشرق وسطیٰ میں اس طرح کی پابندیوں کا سامنا ہوا ہو۔ اس سے پہلے فائٹر، اسکائی فورس، دی ڈپلومیٹ، آرٹیکل 370، ٹائیگر 3 اور دی کشمیر فائلز جیسی فلموں پر بھی اسی نوعیت کی پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ یہاں تک کہ فائٹر کو یو اے ای میں ریلیز ہونے کے ایک دن بعد ہی واپس لے لیا گیا تھا اور اس کے بعد اس کا ترمیم شدہ ورژن بھی مسترد کر دیا گیا تھا۔
دُھرندھر، سیارہ، پُشپا: بولی وُڈ کے ’ٹاکسک‘ اور ’ریڈ فلیگ‘ ہیرو رومانس کا ٹرینڈ کیوں بن رہے ہیں؟
واضح رہے کہ خلیجی ممالک میں مشکلات کے باوجود ”دھرندھر“ بھارت میں شاندار کامیابی حاصل کر رہی ہے۔
فلم 5 دسمبر کو بھارت سمیت مختلف ممالک میں ریلیز ہوئی اور پہلے ہی ہفتے میں بھارتی باکس آفس پر 200 کروڑ بھارتی روپے اور عالمی سطح پر 44.5 کروڑ بھارتی روپوں کا بزنس کرچکی ہے۔ جس میں خلیج کی مارکیٹ شامل نہیں ہے۔
”دھرندھر“ کی ہدایت کاری ادیتیا دھار نے کی ہے۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں رنویر سنگھ ، اکشے کھنہ، سنجے دت، آر مادھون، ارجن رامپال، سارہ ارجن اور راکش بیدی شامل ہیں۔ فلم کے کئی ویڈیو کلپس اور گانے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہے ہیں، جنہیں صارفین سراہ رہے ہیں۔















