’مائیکروویو میں کھانا گرم کرنے سے کینسر‘: افواہ ہے یا حقیقت ؟

اوون میں استعمال ہونے والی ریڈیائی لہریں دراصل الیکٹرو میگنیٹک ریڈی ایشن کی ایک شکل ہوتی ہیں۔
شائع 13 دسمبر 2025 03:05pm

ان دنوں صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف تحقیقاتی نتائج شیئر کیے جارہے ہیں، جن کی بنیاد پر لوگوں میں کھانے پینے کے حوالے سے بہت سی غلط فہمیاں پیدا ہو گئی ہیں۔ ان میں سے ایک غلط فہمی یہ بھی ہے کہ مائیکرو ویو میں کھانا گرم کرنے سے کینسر ہو سکتا ہے۔ کیا یہ حقیقت ہے یا محض ایک افواہ؟

مائیکرو ویو اوون میں کھانے کی تیاری اور گرم کرنے کے بارے میں متعدد تحقیقات ہو چکی ہیں۔ کچھ لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ مائیکرو ویو کی تابکاری کی نوعیت ایسی ہے کہ یہ کینسر کا باعث بن سکتی ہے۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ محض افواہ ہے۔ مائیکرو ویو میں کھانا گرم کرنا بالکل محفوظ ہے۔

خالی پیٹ پھل کھانے سے کیا ہوتا ہے؟ ماہرین نے بتا دیا

اوون میں استعمال ہونے والی ریڈیائی لہریں دراصل الیکٹرو میگنیٹک ریڈی ایشن کی ایک شکل ہوتی ہیں، جو موبائل فونز، موسم کی پیش گوئی اور جہازوں کی نیویگیشن میں بھی استعمال ہوتی ہیں۔ اگرچہ کئی قسم کی تابکاری کینسر کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے، لیکن مائیکروویو اوون تشویش کا باعث نہیں ہیں۔

مائیکرو ویو اوون الیکٹرو میگنیٹک لہریں پیدا کرتا ہے جو کھانے کے اندر موجود پانی کے مالیکیولز کو حرکت دیتی ہیں، جس سے حرارت پیدا ہوتی ہے اور کھانا گرم ہو جاتا ہے۔ تاہم ان کہ وجہ سے کینسر کا خطرہ بڑھنے کی کوئی واضح تحقیق سامنے نہیں آئی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر مائیکرو ویو اوون حفاظتی معیارات کے مطابق استعمال کیا جائے، تو ان سے کینسر یا کسی بھی قسم کے صحت کے مسائل پیدا ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔

مائیکرو ویو اوون کو اس طرح سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ ریڈی ایشن کی زیادہ مقدار کو باہر نہیں جانے دیتے۔ اس کے علاوہ، مائیکرو ویو صرف کھانے کی سطح تک ہی اپنی توانائی کو منتقل کرتے ہیں۔

مائیکرو ویو اوون میں کھانا گرم کرتے وقت صرف یہ ضروری ہے کہ سبزیوں کو ڈھانپ کر اور تھوڑا سا پانی ڈال کر گرم کیا جائے تاکہ ان میں موجود وٹامنز اور معدنیات محفوظ رہیں۔

سردیوں میں چائے میں لونگ ڈالنے کی 4 وجوہات

مائیکرو ویو اوون کا دروازہ ہمیشہ صحیح طریقے سے بند کریں تاکہ کوئی ریڈی ایشن باہر نہ نکلے۔

مائیکرو ویو کے لیے مخصوص برتن کا استعمال کریں تاکہ کھانے کو بہتر طریقے سے گرم کیا جا سکے اور اوون میں کسی قسم کی چنگاری نہ ہو۔

جب مائیکرو ویو اوون چل رہا ہو تو اس کے قریب نہ جائیں، اگرچہ اس سے کوئی خطرہ ہونے کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔

مائیکرو ویو میں کھانا گرم کرنے سے کینسر ہونے کا کوئی سائنسی ثبوت نہیں ہے، اور یہ افواہ محض غلط فہمی پر مبنی ہے۔ لیکن اگر آپ کے ذہن میں کسی بھی قسم کی صحت سے متعلق شکایات ہیں تو ماہرین کا مشورہ لینا بہتر ہے۔

Microwave

Fact or Rumor

Cause Cance

Heating Food