آسٹریلیا: یہودیوں کے تہوار کی تقریب پر فائرنگ، 12 افراد ہلاک

صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کا سڈنی میں فائرنگ کے واقعے پر متاثرین سے اظہارِ افسوس
اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2025 06:49pm

آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کے واقعے میں ایک حملہ آور سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 29 زخمی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دو حملہ آوروں میں سے ایک کو ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ دوسرا زیرِحراست ہے۔

سڈنی کے مشہور سیاحتی مقام بونڈی بیچ پر اتوار کے روز ”چانوکا بائی دی سی“ نامی ایک تقریب کے دوران پیش آیا، جس کا اہتمام یہودی تہوار ہانوکا کی پہلی رات منانے کے لیے کیا گیا تھا۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اب تک 12 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جن میں ایک مبینہ حملہ آور بھی شامل ہے جبکہ دوسرا مشتبہ حملہ آور پولیس کی حراست میں ہے۔ فائرنگ کے واقعے میں 29 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اتوار کی شام مقامی وقت کے مطابق تقریباً 6 بج کر 40 منٹ پر پٌیش آیا۔ تقریب میں تقریباً 2 ہزار افراد شریک تھے جنہوں فائرنگ کے بعد بھاگ کر محفوظ مقامات پر پناہ لی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ تقریباً 20 منٹ تک جاری رہی، اس دوران حملہ آور میگزین بدلتے رہے اور فائرنگ کرتے رہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے سڈنی میں فائرنگ کے واقعے کے متاثرین سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت کی جانب سے جاری بیان میں آسٹریلوی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان خود بھی دہشت گردی کا شکار رہا ہے، ہم معصوم شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی ہرشکل کی مذمت کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں آسٹریلوی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے واقعے کو انتہائی چونکا دینے والا اور تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور زخمیوں کی جان بچانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔


نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ بونڈی بیچ سے دو افراد کو حواست میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی آپریشن تاحال جاری ہے اور وہ علاقے میں جانے سے گریز کریں۔


سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں بونڈی بیچ پر مبینہ حملہ آوروں کو دیوار کی اوٹ سے ساحل کی جانب فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ مقامی میڈیا نے ان میں سے ایک حملہ آور کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔


ایک ویڈیو میں سیاہ شرٹ میں ملبوس مبینہ حملہ آور کو بندوق سے فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جسے سفید ٹی شرٹ پہنے ایک شخص نے قابو میں لے کر اسلحہ چھین لیا۔


واقعے کے بعد اسرائیلی صدر آئیزک ہرزوگ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کی دعائیں متاثرہ یہودی کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہ ہم بار بار آسٹریلوی حکومت سے مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ وہ یہود مخالف لہر کے خلاف فوری اقدامات کرے، جو آسٹریلوی معاشرے کو شدید متاثر کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں یہودی ہر سال 7 سے 15 دسمبر تک تہوار ’ہانوکا‘ مناتے ہیں۔ اسے روشنیوں کا تہوار بھی کہا جاتا ہے اور اس دن یہودی روایتی آٹھ شاخوں والے شمع دان بھی روشن کرتے ہیں۔

یہ تہوار 165 قبلِ مسیح میں یہود باغی فوج کی فتح کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اس روز خصوصی عبادات کا اہتمام کرنے کے ساتھ ساتھ روایتی پکوان بھی بنائے جاتے ہیں۔

sydney

Australia

Bondi beach firing

Bondi beach