خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 13 دہشت گرد ہلاک

ضلع مہمند میں 7 اور بنوں میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، آئی ایس پی آر
شائع 14 دسمبر 2025 10:49pm

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر 2 الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے لیے پاک سرزمین تنگ کردی، 12 اور 13 دسمبرکو موصول ہونے والی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بنوں میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مزید 6 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے اور علاقے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں گی تاکہ ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جاسکے۔

وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے آپریشنز میں 13 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں 2 کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرکے خوارجیوں کو جہنم واصل کیا، خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ISPR

security forces

خیبر پختونخوا

Bannu

security forces operation

Inter Services Public Relations (ISPR)

pakistan security forces operation

Bannu terrorists killed