بلیاں عورتوں سے زیادہ مردوں کو ’میاؤں‘ کیوں کرتی ہیں؟ تحقیق میں حیران کن انکشاف
بلیاں ہمیشہ سے انسانوں کے لیے ایک پراسرار مخلوق رہی ہیں۔ کبھی خاموش اور کبھی بے حد اظہار کرنے والی۔ ان کے رویّے کو سمجھنا آسان نہیں۔ حال ہی میں ترکیہ کی انقرہ یونیورسٹی کی ایک نئی تحقیق نے بلیوں کے رویّے سے جڑا ایک دلچسپ پہلو اجاگر کیا ہے، جس نے پالتو جانوروں کے شوقین افراد کو چونکا دیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی تحقیق کے مطابق، بلیاں عورتوں کے مقابلے میں مردوں کے ساتھ آواز کے ذریعے زیادہ بات چیت کرتی ہیں۔ یعنی بلیاں مردوں کے سامنے زیادہ ”میاؤں“ کرتی ہیں۔
ماہرین نے 31 گھریلو بلیوں اور ان کے مالکان کے رویّوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ جب بلیاں اپنے مالک سے ملیں تو ابتدائی 100 سیکنڈز میں ان کے رویّوں کو ریکارڈ کیا گیا۔ نتائج چونکا دینے والے تھے۔
مردوں کے ساتھ ملاقات پر بلیاں اوسطاً 4.3 مرتبہ آواز نکالتی رہیں جبکہ خواتین کے ساتھ تعداد صرف 1.8 مرتبہ رہی۔ یہ فرق محض اتفاق نہیں تھا بلکہ مسلسل مشاہدے میں سامنے آیا۔

اس قدر حیرت انگیز فرق، لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اتنا فرق کیوں؟ تو جناب محققین کے مطابق اس کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہے کہ مرد عام طور پر بلیوں کے غیر لفظی اشاروں پر کم توجہ دیتے ہیں۔ نتیجتاً بلیاں اپنی بات منوانے یا توجہ حاصل کرنے کے لیے آواز کا سہارا زیادہ لیتی ہیں۔
اس کے برعکس، خواتین نہ صرف بلیوں کو زیادہ توجہ دیتی ہیں بلکہ ان کے موڈ اور جذبات کو بہتر طور پر سمجھ لیتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بلیوں کو خواتین کے سامنے زیادہ بولنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔
پالتو بلیاں مالک کیلئے مردہ جانور کیوں اٹھا کر لاتی ہیں؟
تحقیق میں بلیوں کے رویّے کو جانچنے کے لیے 22 مختلف طرزِ عمل کو پرکھا گیا۔ ماہرین نے بتایا کہ بلیوں کا ویلکم رویّہ صرف آواز تک محدود نہیں بلکہ اس میں جسمانی حرکات، قربت، اور بعض اوقات بے چینی کے آثار بھی شامل ہوتے ہیں۔

محققین کے مطابق بلیوں کا یہ رویّہ مختلف جذباتی کیفیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔ حالات اور سامنے موجود انسان کی شخصیت سے متاثر ہونا بھی اس رویے میں شامل ہے، اور خاص طور پر مالک کی جنس یعنی اُس کا مرد یا عورت ہونا، اس میں اہم کردار ادا کرتا ہے
سائنسدانوں نے بلیوں سے بات کرنے کی سادہ تکنیک بتا دی
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مالکان بلیوں کے اشاروں، آوازوں اور رویّوں کو بہتر طور پر سمجھیں تو نہ صرف بلّی کی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں بلکہ انسان اور پالتو جانور کے درمیان رشتہ بھی مزید مضبوط ہو سکتا ہے۔
یہ تحقیق بتاتی ہے کہ بلیّاں نہایت ذہین اور حساس مخلوق ہیں، جو انسان کے رویّے کے مطابق خود کو ڈھال لیتی ہیں۔ ان کی ”میاؤں“ محض آواز نہیں بلکہ ایک پیغام ہے۔ بس ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اسے سمجھنے کی کوشش کریں۔
















