ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں اہم پیشرفت: آلہ قتل اور سونا برآمد
ایبٹ آباد میں ڈاکٹر وردہ کے اغوا اور قتل کیس میں تحقیقات کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر قتل میں استعمال ہونے والا آلہ قتل اور سونا برآمد کر لیا۔
پیر کو ایبٹ آباد پولیس نے ڈاکٹر وردہ اغوا و قتل کیس میں گرفتار ماسٹر مائنڈ ردا جدون کے شوہر وحید بلا کے قبضے سے سونا برآمد کر لیا جب کہ ملزمان کی نشاندہی پر آلہ قتل رسی جس سے ڈاکٹر وردہ کو گلہ دبا کر قتل کیا گیا تھا وہ بھی برآمد کر لی گئی۔
ایبٹ آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کے قبضے سے 10 رسیدیں اور ایک کروڑ 23 لاکھ کے چیک بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ایبٹ آباد انویسٹی گیشن افسران نے ملزمان سے جائے وقوعہ، پلاننگ کے مقامات کی نشاندہی سمیت تمام تر قانونی لوازمات مکمل کر لیے۔
ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں مفرور ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں نے ڈاکٹر وردہ کو اغواہ و قتل کرنے کے لیے ابتدائی پلان وحید بلا کے گھر بنایا، جس میں وحید بلا ، ردہ اور ندیم شامل تھے، دوسری پلاننگ وحید بلا کی دوکان پر ہوئی جس میں وحید ، ندیم اور شمریز شامل تھے، تیسری بار ملزموں نے شیخ ڈھیری کے مقام پر اکھٹے ہوئے اور شمریز ، ندیم اور پرویز نے پلان کو حتمی شکل دی۔
قتل میں ملوث ملزم پرویز نے اقبال جرم کر لیا۔ ایبٹ آباد پولیس نے ملزموں کی ایک بار پھر حوالگی کے لیے ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر دی۔
تفتیشی افسر نے استدعا کی ہے کہ اہم نوعیت کا کیس ہے ملزمان کی کسٹڈی دی جائے جب کہ انویسٹی گیشن آفیسر کی ہائیکورٹ میں مقدمے میں تفتیشی ٹیم نے تمام تر ثبوت اور گواہان عدالت میں پیش کر دیے۔
واضح رہے کہ ڈی ایچ کیو اسپتال ایبٹ آباد میں تعینات ڈاکٹر وردہ مشتاق کو اپنی ہی دوست نے پلاننگ کرکے گزشتہ ہفتے اغوا کے بعد قتل کرادیا تھا۔
جس کے بعد گزشتہ روز خیبرپختونخوا پولیس نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر وردہ قتل کیس کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا ہے۔
ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ملزم شمریز کا ٹھنڈیانی روڈ میرا رحمت خان کنڈا کے مقام پر پولیس سے مقابلہ ہوا، شمریز اپنے 2 ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، واقعے کا مرکزی ملزم شمریز روپوش تھا۔
ڈاکٹر وردہ کو قتل کرنے کے لیے کتنی رقم دی گئی؟ سنسنی خیز انکشاف
ہارون رشید نے بتایا تھا کہ پولیس ڈاکٹر وردہ کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی تھی، مرکزی ملزم شمریز کو موبائل ڈیٹا سے ٹریس کیا گیا۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ملزم کے دونوں ساتھی فرار ہوگئے، ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، ڈاکٹر وردہ قتل کیس کے تمام ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔















