شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، ماہرین
اپ ڈیٹ 19 مارچ 2026 06:11pm

شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس جاری ہیں جب کہ ماہرین کے مطابق چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں اور عیدالفطر 21 مارچ کو ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور کے کوہسار بلاک میں ہوگا، جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں۔

اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لے کر شوال کے چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہو رہے ہیں۔

کراچی میں زونل کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہو رہا ہے، جس کی صدارت علامہ حافظ محمد سلفی کر رہے ہیں۔

کراچی اجلاس میں زونل کمیٹی کے اراکین کے علاوہ ڈائریکٹر نیشنل سونامی سینٹر امیر حیدر لغاری اور محکمہ موسمیات کے دیگر حکام بھی شریک ہیں۔

ادھر اسپارکو کے مطابق شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، جس کے باعث پاکستان میں عیدالفطر 21 مارچ کو ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔