کیمرون گرین آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین غیرملکی کھلاڑی بن گئے

کیمرون گرین کو ٹیم کا حصہ بنانے کے لیے چنئی سپر کنگز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔
شائع 16 دسمبر 2025 06:41pm

آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) کی تاریخ کے مہنگے ترین غیر ملکی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آئی پی ایل سیزن 2026 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی کی تقریب میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے کیمرون گرین کو  خرید لیا۔ کیمرون گرین کو اپنی ٹیم کا حصہ بنانے کے لیے چنئی سپر کنگز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔

تاہم کولکتہ نے  25 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے میں گرین کو اپنی ٹیم کا حصہ بنالیا، جس کے ساتھ ہی کیمرون گرین آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین غیر ملکی کھلاڑی بن گئے۔ یاد رہے کہ گرین آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

اس سے قبل آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی کا اعزاز آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے پاس تھا، جنہیں 2024 سیزن کے لیے کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 24 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔

کے کے آر نے اسی نیلامی میں سری لنکا کے فاسٹ بولر متھیشا پتھیرانا کو 18 کروڑ روپے میں حاصل کیا، جو آئی پی ایل 2026 کی نیلامی کا دوسرا مہنگا سودا رہا۔

نیلامی میں سب سے زیادہ توجہ ان کیپڈ بھارتی کھلاڑیوں نے حاصل کی، جہاں 20 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپن آل راؤنڈر پرشانت ویر اور 19 سالہ وکٹ کیپر کارتک شرما کو چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) نے 14 کروڑ 20 لاکھ روپے میں خریدا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ان کیپڈ بھارتی کھلاڑی کی سابقہ ریکارڈ قیمت توڑ دی۔

اس کے علاوہ جموں و کشمیر کے فاسٹ بولر عاقب نبی کو دہلی کیپیٹلز نے 8 کروڑ 40 لاکھ روپے میں خریدا۔

نیلامی کے آغاز پر کے کے آر کے پاس سب سے زیادہ 64 کروڑ 30 لاکھ روپے کا پرس موجود تھا جب کہ چنئی سپر کنگز کے پاس 43 کروڑ 40 لاکھ روپے تھے۔ کیمیرون گرین کے لیے بولی کا عمل 10 منٹ سے زائد جاری رہا۔

آئی پی ایل قوانین کے مطابق غیر ملکی کھلاڑی کی زیادہ سے زیادہ تنخواہ 18 کروڑ روپے مقرر ہے، اضافی رقم بی سی سی آئی کے پلیئر ویلفیئر فنڈ میں جائے گی۔

دیگر نمایاں سودوں میں دہلی کیپیٹلز نے ڈیوڈ ملر، ممبئی انڈینز نے کوئنٹن ڈی کوک، راجستھان رائلز نے روی بشنوئی اور لکھنؤ سپر جائنٹس نے وانندو ہسارنگا کو ان کی بنیادی قیمت پر خریدا۔

نیلامی کے ابتدائی 10 سیٹس میں 70 میں سے صرف 25 کھلاڑی فروخت ہو سکے جب کہ پنجاب کنگز نے اس مرحلے تک کسی کھلاڑی کے لیے بولی نہیں لگائی۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے ترین کھلاڑی کا اعزاز بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت کے پاس ہے جنہیں گزشتہ سیزن لکھنؤ سپر جائنٹس نے 27 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔ آئی پی ایل کا اگلا سیزن 26 مارچ سے 31 مئی تک کھیلا جائے گا۔

Indian Premier League

kkr

Kolkata Knight Riders

IPL 2026 Auction

IPL2026

cameron green