بگ بیش لیگ میں بابراعظم کا بلا رنز اگلنا بھول گیا، دوسرے میچ میں بھی فیل
پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم بگ بیش لیگ کے دوسرے میچ میں بھی فیل ہوگئے، سڈنی سکسرز کی جانب سے ایڈیلیڈ کے خلاف 10 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ بابراعظم ڈیبیو میچ میں صرف دو رنز بنا سکے تھے۔
بھارتی خبر رساں ادارے ہندوستان ٹائمز کے مطابق بگ بیش لیگ (بی بی ایل) 2026 میں سڈنی سکسز کے لیے کھیلتے ہوئے پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی مشکلات کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی دکھائی دے رہی ہیں اور اب تک ان کی کارکردگی مایوس کن رہی۔
بابر اعظم لیگ کے اپنے ابتدائی دونوں میچز میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور آج ایک بار پھر سنگل ڈیجٹ اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔
بدھ کو ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ میں بابر اعظم 10 گیندوں پر صرف 9 رنز بنا سکے اور تیسرے اوور کی دوسری گیند پر انگلش فاسٹ بولر لیوک ووڈ کا شکار بنے، جن کی گیند پر میتھیو شارٹ نے ان کا کیچ تھاما۔ بابر اعظم نے اس اننگز کے دوران ایک چوکا بھی لگایا جو ان کا بی بی ایل میں پہلا چوکا تھا۔
بابر اعظم نے ٹورنامنٹ کا آغاز گزشتہ اتوار پرتھ اسکورچرز کے خلاف 2 رنز پر آؤٹ ہو کر کیا تھا، جس کے بعد ان کی فارم پر سوالات مزید بڑھ گئے ہیں۔
بی بی ایل کو بابر اعظم کے لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل فارم بحال کرنے کا موقع قرار دیا جا رہا تھا تاہم اب تک کی کارکردگی توقعات کے برعکس رہی ہے۔
بابر اعظم کی ناقص فارم نے ان کے مداحوں کو بھی تقسیم کردیا ہے۔ بعض مداح بابر کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کررہے ہیں تو بعض ان کی حمایت میں ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ بابر اعظم کو آؤٹ کرنے والے لیوک ووڈ کو منگل کو آئی پی ایل آکشن میں گجرات ٹائٹنز نے 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا ہے۔ لیوک ووڈ دائیں ہاتھ کے انگلش فاسٹ بولر ہیں اور گجرات ٹائٹنز 2022 کی چیمپئن ٹیم ہے۔
میچ میں سڈنی سکسز نے ٹاس کے بعد بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ اننگز کے آغاز میں بابر اعظم 9 رنز جب کہ ڈینیئل ہیوز 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد ٹیم دباؤ کا شکار نظر آئی۔
وکٹ کیپر بلے باز جوش فلپ نے 28 گیندوں پر 46 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا۔ کپتان موئسز ہینرکس نے 20 رنز بنائے جب کہ جیک ایڈورڈز نے آخر میں 32 رنز کی اہم اننگز کھیل کر اسکور کو بہتر بنایا۔
ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے بولرز نے درمیانی اور آخری اوورز میں مسلسل دباؤ رکھا تاہم سڈنی سکسز کسی بڑی شراکت قائم نہ کر سکی۔ محدود شراکتوں کے باوجود ٹیم 159 کے قریب اسکور بنانے میں کامیاب رہی اور حریف ٹیم کو 160 رنز کا ہدف دیا۔
ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے 160 رنز کا ہدف19.2 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے سڈنی سکسز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
میچ کے اختتام پر اسٹرائیکرز نے مسلسل دباؤ میں رہتے ہوئے مطلوبہ ہدف حاصل کیا اور لیگ میں قیمتی 2 پوائنٹس اپنے نام کیے۔
ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی طرف سے لیام اسکاٹ نے 31 گیندوں پر 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ جیمی اوورٹن نے 20 گیندوں پر 30 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اوورٹن نے میچ میں بہترین کارکردگی کے باعث “پلےئر آف دی میچ” کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

















