”تمھارے کرتوت سب کے سامنے رکھوں؟“: علیم خان اور پلوشہ خان میں تلخ کلامی

سینیٹر پلوشہ خان نے وزیر مواصلات علیم خان کے رویے پر سخت ایکشن کا مطالبہ کیا۔
اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2025 07:58pm

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں وزیر مواصلات علیم خان اور سینیٹر پلوشہ خان کے درمیان سخت تلخ کلامی دیکھنے میں آئی۔ علیم خان نے طیش میں آ کر کہا، تمھارے کرتوت سب کے سامنے رکھوں گا، مجھ سے اس طرح بات کرنے کی جرات کیسے کی؟ جواب میں پلوشہ خان نے کہا کہ علیم خان سوال پرغصہ اس لیے کررہے ہیں کیونکہ وہ قصوروار ہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں وزیرمواصلات علیم خان نے کہا کہ سینیٹ میں مجھ پرہاؤسنگ سوسائٹی کو فائدہ پہنچانے کا الزام لگایا گیا، میں اس سوال کو اپنی ذاتی تذلیل سمجھتا ہوں۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نے جواب دیا کہ سوال کرنا الزام لگانا نہیں ہوتا، آپ اس سوال کواتنا ذاتی نوعیت کا کیوں سمجھ رہے ہیں؟

اجلاس کے دوران علیم خان اورسینیٹرپلوشہ خان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ دونوں جانب سے ذاتی نوعیت کےالزامات بھی عائد کیے گئے۔

سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ سوال کرنے پر وفاقی وزیرسیخ پا ہیں،اس پرعلیم خان نے کہا کہ دنیا جہاں کے بے ایمان یہاں اکٹھے ہو گئے ہیں۔

پلوشہ خان نے کہا کہ آپ سوال کرنے پرسیخ پا ہیں کیوں کہ آپ گلٹی ہیں، علیم خان نے جواب دیا کہ میں تمہارے کرتوت سب کے سامنے رکھوں؟ مجھ سے ایسے بات کرنے کی تمہاری جرات کیسے ہوئی؟

سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ وزیرمواصلات کے رویے پر کمیٹی رولنگ دے، علیم خان اگرمیری ذات پر بات کرنا چاہتے ہیں تو کریں۔ انھوں نے مطالبہ کہا کہ وفاقی وزیرکے موجودہ رویے پرسخت ایکشن لیا جائے۔ اجلاس میں سیکریٹری مواصلات نے سینیٹر پلوشہ خان کو منانے کی کوشش کی۔

کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ اجلاس میں میرا سوال کرنا حق ہے، جواب دینا وفاقی وزیر کا حق ہے، کمیٹی میٹنگ میں میرے سوال پر وہ بھڑک اٹھے، میں نے اس حوالے سے سوال نہیں کیا کہ ان کی سوسائٹی کیسے ڈوبی، لوگوں کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا، میرا سوال کچھ اور تھا۔

پلوشہ خان نےکہا کہ انہوں نے سب کو بلیک میلر اور بے ایمان کہا، ان کی وزارت کے کرتوت آئی ایم ایف کی رپورٹ میں ہیں، یہ حکومت اپنے آپ کو کیا سمجھنے لگی ہے، کیا یہ ڈنڈے لے کر لوگوں کو چپ کرائیں گے؟ یہ سینیٹ ارکان کو بھی چپ کرائیں گے، یہ ایم این اے کو بھی دھمکیاں دیں گے۔

Palwasha khan

Standing committee

Aleema Khan

Senate Pakistan

Transport Ministry

Government Accountability

Parliament Clash

Ministry Of Communications