ٹماٹر، پیاز، اور آلو: مائیگرین کی شدت بڑھانے والے کھانے؟
مائیگرین ایک ایسا شدید سر درد ہے جو دنیا بھر میں لاکھوں افراد کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرتا ہے اور یہ درد انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق مائیگرین صرف ایک سادہ سر درد نہیں بلکہ یہ اعصابی نظام سے جڑا ہوا مسئلہ ہے، جس پر جینیاتی عوامل، طرزِ زندگی اور خوراک گہرا اثر ڈالتی ہے۔
حالیہ طبی مشاہدات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کچھ عام سبزیاں بھی بعض افراد میں مائیگرین کے دورے کو متحرک کر سکتی ہیں۔
ٹماٹر
ٹماٹر غذائیت سے بھرپور سبزی ہے، جو سوسز، شوربے اور سلاد میں عام طور پر استعمال کی جاتی ہے۔ مگر اس میں موجود کچھ قدرتی اجزا بعض لوگوں میں مائیگرین کو بڑھا سکتے ہیں۔
تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ پروسیسڈ ٹماٹر کی مصنوعات جیسے کیچپ، ٹماٹر پیسٹ یا پیکڈ ٹماٹر میں ہسٹامین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو مائیگرین کا باعث بن سکتی ہیں۔
اگر ٹماٹر آپ کے لیے مائیگرین کا سبب بنیں، تو آپ کو پروسیسڈ ٹماٹر سے پرہیز کرنا چاہیے اور صرف تازہ ٹماٹروں کا استعمال کم مقدار میں کرنا چاہیے۔
پیاز
پیاز کچھ افراد میں مائیگرین کا سبب بن سکتی ہے۔ پیاز میں موجود سلفر مرکبات اعصابی نظام پر اثر ڈال سکتے ہیں۔ خاص طور پر تیار شدہ مصالحوں اور فاسٹ فوڈ میں شامل پیاز پاؤڈر مائیگرین کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔
آلو
آلو عموماً مائیگرین کے مریضوں کے لیے محفوظ سمجھے جاتے ہیں، لیکن جب یہی آلو چپس، فرنچ فرائز یا انسٹنٹ مصنوعات کی شکل میں استعمال ہوں تو ان میں شامل نمک اور کیمیکل سر کے درد کو بڑھا سکتے ہیں۔ تازہ اور سادہ طریقے سے پکے آلو نسبتاً بہتر ہیں۔
مائیگرین سے بچاؤ کے لیے مفید مشورے
روزانہ کی خوراک اور مائیگرین کے دوروں کا ریکارڈ رکھیں۔
ایک وقت میں صرف ایک غذا کم یا بند کر کے اس کا اثر دیکھیں۔
کم سے کم پراسیسڈ اور قدرتی غذاؤں کا استعمال کریں۔
مصنوعی مٹھاس اور محفوظ کرنے والے کیمیکلز سے پرہیز کریں۔
مستقل مائیگرین کی صورت میں ماہر ڈاکٹر یا غذائی ماہر سے رجوع کریں۔
















