جاپان: فیکٹری میں چاقو اور کیمیکل کے حملے میں 15 افراد زخمی، ملزم گرفتار

پولیس نے حملے کے الزام میں ایک 38 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے
شائع 26 دسمبر 2025 04:26pm

جاپان کی ایک فیکٹری میں جمعے کو ہولناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص نے چاقو کے وار کر کے 15 افراد کو زخمی کر دیا۔

آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) کے مطابق وسطی جاپان میں واقع یوکوہاما ربڑ کی فیکٹری میں چاقو سے حملے اور کیمیکل پھینکے جانے کے واقعے میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے، جبکہ اس واقعے میں سات دیگر افراد کو بھی چوٹیں آئی ہیں۔

پولیس نے حملے کے الزام میں ایک 38 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ شیزوکا پریفیکچر کے شہر میشیما میں پیش آیا، جو دارالحکومت ٹوکیو کے مغرب میں واقع ہے۔

فوجی سان نانتو فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق زخمی ہونے والے تمام آٹھ افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

فائر ڈیپارٹمنٹ نے دی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ چاقو کے وار سے زخمی ہونے والے پانچ افراد کی حالت تشویشناک ہے، تاہم دیگر تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہو سکیں۔

شیزوکا پریفیکچر پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی شناخت 38 سالہ شخص کے طور پر ہوئی ہے، جسے فیکٹری کے اندر مبینہ طور پر اقدامِ قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق حملے کے دوران ملزم نے متاثرہ افراد پر ایک کیمیکل بھی پھینکا، جسے بلیچ سمجھا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں مزید سات افراد زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی طور پر مزید کوئی تفصیل سامنے نہیں آ سکی۔

Japan

Arrested

factory

accused

crime News

crime in japan

knife and chemical attack