وزیراعظم نے مظفر آباد میں کینسر اسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح کردیا
وزیراعظم شہباز شریف نے مظفر آباد میں کینسر اسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح کردیا ہے۔
اتوار کو کشمیر انسٹیٹیوٹ آف نیو کلیئر میڈ یسن، آنکولوجی وریڈ یالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے وہئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وہ خود بھی کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہوئے، اندازہ ہے کہ وسائل سے محروم افراد کے لیے کینسرکا علاج کتنا مشکل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شاندار ادارے کا افتتاح کرنا اُن کے لیے اعزاز ہے، کینسر اسپتال سے علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ کرنے والوں کو مقامی سطح پر بہترین طبی سہولتیں میسر آئیں گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ دکھی انسان کی خدمت سے بڑھ کرکچھ نہیں، جان لیوا بیماری میں مبتلا مریضوں کا علاج انسانیت کی بڑی خدمت ہے۔
ادھر چیئرمین پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن راجہ علی رضا نے کہا کہ پاکستان میں کینسر کی تشخیص اور علاج فراہم کرنے والا یہ ملک کا سب سے بڑا ادارہ ہے، 21 جدید اسپتال میں سالانہ 10 لاکھ سے زائد کینسر مریضوں کا علاج ہوتا ہے۔
راجہ علی رضا نے مزید کہا کہ پنجاب میں 6، خیبرپختونخوا اور سندھ میں 5،5 اسپتال قائم کیے گئے، اسلام آباد، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزادکشمیرمیں ایک ایک اسپتال بنایا گیا، جدید کینسر اسپتال عوامی خدمت کے غیرمتزلزل عزم کے تحت قائم کیا گیا۔
دوسری جانب بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آزاد کشمیر میں کینسر اسپتال کا قیام اہم سنگ میل ہے، عوامی فلاح کے لیے ایٹمی توانائی کا استعمال لائق تحسین ہے۔












