کراچی: خاتون اور بچوں کی پھندہ لگی لاشیں، زیر حراست شوہر کا بیان آگیا

لاشیں تقریباً دس سے گیارہ گھنٹے پرانی ہیں؛ ایدھی رضاکار
شائع 29 دسمبر 2025 09:44am
علامتی تصویر
علامتی تصویر

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں گنا منڈی کے قریب ایک گھر سے چار افراد کی لاشیں ملنے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق، ایک خاتون اور تین معصوم بچوں کی لاشیں گھر کے اندر پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ فاطمہ، 11 سالہ سونم، تین سالہ آرزو اور دو سالہ ارمان شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایدھی رضاکار فاروق کے مطابق ابتدائی معائنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ لاشیں تقریباً دس سے گیارہ گھنٹے پرانی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور بظاہر یہ ایک گھریلو سانحہ معلوم ہوتا ہے، تاہم اصل حقیقت تحقیقات کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کو قتل اور خودکشی دونوں پہلوؤں سے دیکھا جا رہا ہے۔ گھر کے سربراہ نجیب اللہ اور اس کے بیٹے کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاکہ واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔

نجیب اللہ لیہ کا رہائشی اور محنت کش ہے۔ آج نیوز سے گفتگو میں اس کا کہنا تھا کہ وہ معمول کے مطابق سبزی منڈی گیا ہوا تھا واپس آیا تو گھر کا دروازہ اندر سے بند تھا۔

نجیب اللہ کے مطابق، اس نے بیٹے کو دیوار پر چڑھا کر گھر کے اندر بھیج کر دروازہ کھلوایا تو دیکھا کہ ا بیوی اور تین بچوں کی لاشیں رسی کے ساتھ لٹکی ہوئی تھیں۔

اہل محلہ اور قریبی ذرائع کے مطابق نجیب اللہ نے پہلی بیوی کو طلاق دینے کے بعد فاطمہ سے دوسری شادی کی تھی۔ فاطمہ سے اس کے دو بچے تھے جبکہ پہلی بیوی سے اس کے پانچ بچے تھے، جن میں سے دو بچے نجیب اللہ کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔ جاں بحق ہونے والی سونم پہلی بیوی کی بیٹی بتائی جاتی ہے۔

نجیب اللہ کے ایک دوست نواب کے مطابق پہلی بیوی کی جانب سے فون آنے پر میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل اور غیر جانبدار تحقیقات کی جا رہی ہیں اور فرانزک شواہد، بیانات اور دیگر پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے اصل وجوہات معلوم کی جائیں گی۔ واقعے نے علاقے کے مکینوں کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔

karachi

Sohrab Goth Dead Bodies Case

Mass Murder

Mass Suicide