چین میں سلمان کی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ تنقید کی زد میں، مبالغہ آرائی کا الزام
سلمان خان کی فلم ’بیٹل آف گالوان‘ ٹیزر کے ریلیز کے تین دن بعد ہی چین میں شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔
گلوبل ٹائمز نے فلم کے ٹریلر کو متنازع قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ فلم میں 2020 کے گلوان ویلی تصادم سے متعلق حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔
27 دسمبر کو جاری کیے گئے فلمی ٹریلر میں سلمان خان ایک بھارتی فوجی افسر کے کردار میں نظر آتے ہیں، جسے بھارتی میڈیا نے گلوان جھڑپ میں ایک “اہم کردار” کے طور پر پیش کیا ہے۔ تاہم چینی میڈیا نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم میں دکھائے گئے مناظر زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔
چینی ماہرین کا کہنا ہے کہ بولی ووڈ فلمیں زیادہ تر جذباتی اور تفریحی انداز اپناتی ہیں، لیکن کسی بھی قسم کی فلمی مبالغہ آرائی نہ تو تاریخ بدل سکتی ہے اور نہ ہی چین کی فوج کے عزم کو متاثر کر سکتی ہے۔
ایک چینی فوجی تجزیہ کار کے مطابق،’چاہے ڈرامہ کتنا ہی بڑھا چڑھا کر کیوں نہ دکھایا جائے، کسی ملک کی خودمختار سرزمین پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑتا۔‘
چینی سوشل میڈیا صارفین نے بھی فلم کے ٹریلر پر تنقید کی ہے۔ بعض صارفین نے فلم کے مناظر کا موازنہ غیر ملکی ڈراموں سے کرتے ہوئے نقل کا الزام لگایا، جبکہ کچھ نے اداکاروں کے حلیے، یونیفارم، موسم کی عکاسی اور جنگی مناظر کو غیر حقیقی قرار دیا۔
چینی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بھارتی فلم انڈسٹری قوم پرستانہ جذبات کو ابھارنے کے لیے سینما کا استعمال کرتی ہے، جو ایک پرانی ثقافتی اور سیاسی روایت کا حصہ ہے۔
گلوبل ٹائمز کے مطابق، فلم یکطرفہ بھارتی بیانیہ پیش کر کے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو ہوا دے سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب چین اور بھارت کے تعلقات میں بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں۔
چینی حکام نے ایک بار پھر مؤقف دہرایا کہ 2020 کے گلوان ویلی واقعے میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی خلاف ورزی بھارت کی جانب سے کی گئی تھی اور چینی فوج نے اپنی سرزمین کا دفاع کیا۔ چین کے مطابق، بعد میں بھارت نے ہلاکتوں کے اعداد و شمار میں مبالغہ کیا اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔
’بیٹل آف گلوان‘ کی ہدایت کاری اپوروا لکھیا نے کی ہے اور فلم اپریل 2026 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔ فلم میں چترانگدا سنگھ بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، تاہم چین میں اس فلم کی ریلیز یا پذیرائی کے امکانات بظاہر کم دکھائی دے رہے ہیں۔
















