پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں پانڈا بانڈ جاری کرے گا، وفاقی وزیرِ خزانہ

پانڈا بانڈ کے اجراء سے پاکستان کا ڈالر پر انحصار کم ہوگا، محمد اورنگزیب کا چینی میڈیا کو انٹرویو
شائع 30 دسمبر 2025 03:11pm

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں پانڈا بانڈ جاری کرنے جا رہا ہے، جو پاک چین مالی تعلقات میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پانڈا بانڈ کے اجراء سے پاکستان کو چینی کیپیٹل مارکیٹ تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی۔

چینی میڈیا چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (سی جی ٹی این) کو دیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پانڈا بانڈ کے اجراء کی تیاری اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اب محض انفرااسٹرکچر تک محدود نہیں رہے بلکہ وسیع اقتصادی شراکت داری کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ پانڈا بانڈ کے اجرا سے پاکستان کا ڈالر پر انحصار کم ہوگا اور عالمی مالیاتی سطح پر بھی پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی میں چینی کیپٹل مارکیٹ سے مکمل فائدہ نہیں اٹھا سکا، تاہم اب اس کمی کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔

وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ پانڈا بانڈ کے حوالے سے چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت ردِعمل کی توقع ہے اور یہ اقدام پاکستان کو دنیا کی دوسری بڑی کیپٹل مارکیٹ سے جوڑ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات اب محض انفراسٹرکچر تک محدود نہیں رہے بلکہ ایک مارکیٹ بیسڈ اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 17 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے ہر عالمی فورم پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، آئی ایم ایف پروگرام کے دوران بھی چین کی معاونت قابلِ قدر رہی۔

سی پیک کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کا ایک اہم ستون ہے۔ سی پیک فیز ون میں بنیادی طور پر انفراسٹرکچر پر توجہ دی گئی جبکہ اب سی پیک فیز ٹو کا آغاز ہو چکا ہے، جس میں بزنس ٹو بزنس تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے اور نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار ترقی پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جا رہا ہے۔ ہزاروں پاکستانی زرعی گریجویٹس چین میں جدید زرعی طریقوں کی تربیت حاصل کر رہے ہیں تاکہ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔ اسی طرح ’ہواوے‘ سمیت متعدد چینی ٹیکنالوجی کمپنیاں پاکستانی آئی ٹی گریجویٹس کو تربیت فراہم کر رہی ہیں۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال کے باوجود چین کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری مضبوط ہے اور دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی اسٹریٹجک اور اقتصادی روڈ میپ طے کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر بھی اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن سے ’پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ‘ مزید مضبوط ہوگی۔

china

پاکستان

Finance minister

pak china relation

Muhammad Aurangzeb

CGTN

China global television network