نئے سال کے آغاز پر ڈرون حملہ: روس کا یوکرین پر 24 افراد کی ہلاکت کا الزام

یوکرین کی نئے سال پر روسی ڈرون حملے کی شدید مذمت، بجلی کے نظام کو نقصان پہنچانے کا الزام
اپ ڈیٹ 01 جنوری 2026 06:27pm

روس نے یوکرین پر نئے سال کی تقریبات کے دوران ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد کو ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا ہے جب کہ یوکرین نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ نئے سال کی رات روسی ڈرون حملوں کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کے روز روس نے یوکرین پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے نئے سال کی تقریبات کے دوران ڈرون حملے میں کم از کم 24 افراد کو ہلاک کردیا ہے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

روسی حکام کے مطابق یہ ڈرون حملہ یوکرین کے جنوبی خطے خیرسون کے ساحلی گاؤں خورلی میں ایک ہوٹل اور کیفے پر کیا گیا جو اس وقت روس کے کنٹرول میں ہے، جہاں شہری نئے سال کی آمد کا جشن منا رہے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متعدد افراد حملے کے نتیجے میں زندہ جل گئے۔

روس کے مقرر کردہ گورنر ولادی میر سالدو نے ایک بیان میں الزام عائد کیا کہ یوکرین کے 3 ڈرونز نے ساحلی گاؤں خورلی میں شہری اجتماع کو نشانہ بنایا، جسے انہوں نے عام شہریوں کے خلاف دانستہ کارروائی قرار دیا۔

بعد ازاں روس کی وزارتِ خارجہ اور اعلیٰ روسی سیاسی شخصیات نے اس واقعے کو ”دہشت گرد حملہ“ قرار دیتے ہوئے یوکرین پر شدید تنقید کی۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں 24 افراد کی ہلاکت اور 50 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں 6 کم عمر بچے بھی شامل ہیں، جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

روس کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈرونز نے جان بوجھ کر ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں شہری نئے سال کی شام منانے کے لیے جمع تھے اور اس کارروائی کو ”جنگی جرم“ قرار دیا۔

روسی سیکیورٹی کونسل کے نائب چیئرمین دمتری میدویدیف نے سرکاری خبر رساں ادارے ٹاس سے گفتگو میں کہا کہ ماسکو اس حملے کا جواب میدانِ جنگ میں دے گا اور حملے میں ملوث افراد اور ان کے کمانڈرز کو نشانہ بنایا جائے گا۔

دوسری جانب روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں الزام عائد کیا کہ یوکرین کی مغربی حمایت کرنے والے ممالک بھی اس واقعے کے ذمہ دار ہیں۔ روسی پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے اسپیکرز سمیت کئی سینئر سیاست دانوں نے کیف کی مذمت کی ہے۔

ادھر یوکرین کی فوج نے، جو ماضی میں روس پر یوکرینی شہروں پر حملوں میں شہریوں کی ہلاکت کا الزام لگاتی رہی ہے، اس واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا تاہم یوکرینی حکام ماضی میں روس پر یوکرینی شہروں پر حملوں میں ہزاروں شہریوں کی ہلاکت کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حملے کے بعد جاری کی گئی تصاویر اور روسی دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ جاری کردہ تصاویر میں ایک لاش سفید چادر کے نیچے دکھائی دیتی ہے جب کہ عمارت پر آگ لگنے کے واضح آثار اور زمین پر خون کے دھبے نظر آتے ہیں۔

واضح رہے کہ خیرسون ان 4 یوکرینی علاقوں میں شامل ہے، جنہیں روس نے 2022 میں اپنا حصہ قرار دیا تھا تاہم یوکرین اور بیشتر مغربی ممالک نے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔

نئے سال کی رات روسی ڈرون حملے، یوکرین میں بجلی کا نظام متاثر

دوسری جانب یوکرین نے نئے سال کے موقع پر روس کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان حملوں میں ملک کے متعدد علاقوں میں توانائی کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔

رائٹرز کے مطابق جمعرات کو یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ٹیلی گرام پر اپنے بیان میں کہا کہ نئے سال کے موقع پر روس نے دانستہ طور پر جنگ مسلط کی اور رات کے وقت یوکرین پر 200 سے زائد حملہ آور ڈرون داغے گئے۔ ان کے مطابق ان حملوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام متاثر ہوا۔

صدر زیلنسکی نے کہا کہ تعطیلات کے دوران روسی حملے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یوکرین کو فضائی دفاعی نظام کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی تاخیر کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادی ممالک یوکرین کی دفاعی ضروریات سے آگاہ ہیں اور امریکا کے ساتھ دسمبر کے آخر میں طے پانے والے دفاعی معاہدوں پر بروقت عملدرآمد کی توقع ہے۔

یوکرین کی وزارتِ توانائی کا کہنا ہے کہ رات گئے حملوں کے نتیجے میں شمال مغربی علاقے وولین اور جنوب مغربی علاقے اوڈیسا میں بڑی تعداد میں گھروں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی جب کہ دارالحکومت کیف کے شمال میں واقع چرنیہیف کے بعض حصے بھی متاثر ہوئے۔

وولین کے گورنر کے مطابق حملوں کے نتیجے میں ایک لاکھ تین ہزار سے زائد گھرانوں کی بجلی منقطع ہو گئی۔ یاد رہے کہ وولین ریجن محاذِ جنگ سے سینکڑوں کلومیٹر دور واقع ہے اور اس کی سرحد نیٹو کے رکن ملک پولینڈ سے ملتی ہے۔

russia

Drone Attack

Ukraine

russia ukraine conflict

Russia Ukraine War

New Year drone strike

Russia accuses Ukraine