واہ کینٹ: شوہر نے اہلیہ کو قطر سے پاکستان بھیج کر قتل کروا دیا
واہ کینٹ کے علاقے لالہ زار کالونی میں ایک شادی شدہ خاتون کو قتل کر دیا گیا، مقتولہ سمیرا عزیز کے شوہر سلیمان پر الزام ہے کہ اس نے قطر سے اپنی اہلیہ کو پاکستان بلا کر یہ واردات کروائی۔ پولیس کے مطابق سلیمان نے اپنی اہلیہ کو کسی مرد سے فون پر بات کرتے سنا تھا، جس کے بعد قتل کی منصوبہ بندی کی گئی۔
راولپنڈی کے علاقے واہ کینٹ کی لالہ زار کالونی میں ایک شادی شدہ خاتون کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے شوہر سلیمان نے قطر میں اپنی اہلیہ کو کسی غیرمرد سے فون پر بات کرتے دیکھا تھا، شوہر نے خاتون کو رشتہ داروں کی مدد سے قتل کروایا اورسارا عمل لائیو ویڈیو پر دیکھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ سمیرا عزیزایک ہفتہ قبل قطر سے اپنے چچا شوکت اور فیصل کے ہمراہ پاکستان آئی تھی۔ مقتولہ کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا، ملزمان لاش کو خاموشی سے دفنانے لے جا رہے تھے کہ پولیس کو پتہ لگ گیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا۔
واقعے کا مقدمہ سب انسپکٹر آصف اقبال کی مدعیت میں غیرت کے نام پر قتل کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق جمعرات کی شام مقتولہ کے گھر ولید، اسرار اور صابر آئے، اس وقت گھر میں مقتولہ کے والد اور چچا فیصل اور شوکت بھی موجود تھے۔ ملزمان آپس میں بیٹھ کر مشورے کرتے رہے جن کی باتیں مقتولہ کی بہن نے بھی سنیں۔
مقدمے کے مطابق رات کے وقت دروازے پر دستک ہوئی جس پر مقتولہ اور اس کی بہن نے چچی کو دروازہ کھولنے سے منع کیا، تاہم چچا امتیاز نے قطر سے فون کر کے دروازہ کھولنے کا کہا۔ اس کے بعد قریبی رشتہ دار ولید اور اسرار گھر میں داخل ہوئے جب کہ صابر دروازے پر کھڑا رہا۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ بہنوئی سلیمان نے قطر سے چچی سعیدہ کو ویڈیو کال پر ولید وغیرہ کی بات کرانے کا کہا، بعد ازاں ملزمان سمیرا عزیز کو اوپر والی منزل کے کمرے میں لے گئے جہاں رات ساڑھے دس بجے ولید اور اسرار نے پستول سے فائرنگ کر کے سمیرا عزیز کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق واردات کے بعد ملزمان ولید اور اسرار موقع سے فرار ہو گئے جبکہ کچھ دیر بعد چچا شوکت اور فیصل گھر پہنچے۔ مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ مقتولہ کے شوہر سلیمان نے قطر میں اپنی اہلیہ کو کسی غیر مرد سے فون پر بات کرتے دیکھا تھا، جس کے بعد اس کے کہنے پر سمیرا عزیز کو قتل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
















