اسٹریٹیجک تعلقات کا جائزہ، اسحاق ڈار چین روانہ
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نئے سال کے پہلے غیر ملکی دورے پر چین روانہ ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق وہ بیجنگ میں ہونے والے پاک چین اسٹریٹیجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے وفود اعلیٰ سطحی مذاکرات کریں گے۔
اسٹریٹیجک ڈائیلاگ میں اسحاق ڈار پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے جبکہ چینی وزیرِ خارجہ اپنے ملک کے وفد کی سربراہی کریں گے۔
مذاکرات کے دوران دو طرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے شعبوں کی نشاندہی کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق ملاقاتوں میں آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید فروغ دینے پر بات ہوگی، جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات کا مجموعی طور پر جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں ممالک خطے کی سلامتی کی صورتحال پر بھی تفصیلی مشاورت کریں گے۔
اجلاس میں تجارت، معاشی تعاون، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اشتراکِ عمل بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سی پیک فیز ٹو کو آگے بڑھانے سے متعلق معاملات بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔














