ٹی 20 ورلڈ کپ: پی سی بی نے ابتدائی اسکواڈ کے نام آئی سی سی کو بھجوا دیے
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے ابتدائی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھجوا دیے ہیں، جبکہ 31 جنوری تک اسکواڈ میں تبدیلی پی سی بی اپنی صوابدید پر کر سکے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے ابتدائی 15 رکنی اسکواڈ اور ریزرو کھلاڑیوں کے نام آئی سی سی کو ارسال کر دیے ہیں۔
پی سی بی 31 جنوری تک بغیر کسی اجازت کے اسکواڈ میں تبدیلی کر سکتا ہے، تاہم 31 جنوری کے بعد ٹیم میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری لازمی ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز کے بعد ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے۔
سیریز کے دوران دو سے تین کھلاڑیوں کی کارکردگی کو خصوصی طور پر مانیٹر کیا جائے گا، جس کی بنیاد پر اسکواڈ میں ردوبدل ممکن ہے۔
ابتدائی فہرست میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے۔ اسکواڈ میں عبدالصمد اور ابرار احمد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ محمد نافع اور محمد نواز شامل ہیں، جبکہ محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور صاحبزادہ فرحان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ اسی طرح صائم ایوب، شاداب خان، عثمان خان اور عثمان طارق کو بھی ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی، جبکہ پاکستان کے سیمی فائنل اور فائنل بھی سری لنکا میں ہی کھیلے جائیں گے۔
















