کراچی میں گٹر سے ملنے والی ماں اور 3 بچوں کا قاتل گرفتار: ’تعویذ سے پریشان تھا‘
کراچی کے علاقے مائی کولاچی میں ایک گٹر سے ملنے والی ماں اور تین بچوں کی لاشوں کے کیس میں پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم منصور حسین نے تفتیش کے دوران قتل کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم کا کہنا ہے کہ خاتون تعویذ کرتی تھی اور اسی بات سے پریشان ہوکر اس نے انیلا اور اس کے بچوں کو قتل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور بیان کی ہر پہلو سے جانچ کی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز مائی کولاچی روڈ کے ایک مین ہول سے چار لاشیں برآمد ہوئیں جن کی شناخت بعد میں ہو گئی۔ مقتولہ خاتون کی شناخت انیلا کے نام سے ہوئی جبکہ بچوں کے نام کشور زہرہ، حسین علی اور کونین علی بتائے گئے۔ خاندان کے مطابق وہ کھارادر کے رہائشی تھے۔
لاشوں کی شناخت مقتولہ کی بہن نے کی، گھر والوں کا کہنا ہے کہ انیلا کا موبائل فون 30 دسمبر سے بند تھا اور ڈھائی سال قبل اس کی طلاق ہو چکی تھی۔ لواحقین نے پولیس سے شفاف اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ایس ایچ او ڈاکس نند لعل کا کہنا ہے کہ اس کیس میں شامل تمام پہلوؤں پر کام ہو رہا ہے اور مزید ملزمان کی گرفتاری بھی خارج از امکان نہیں۔ پولیس کے مطابق مقتولہ اور بچوں کی لاشیں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
پولیس نے کہا ہے کہ کیس کے حتمی نتائج تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
















