ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کا وینزویلا کو مفت انٹرنیٹ سروس دینے کا اعلان
دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ایلون مسک کی کمپنی اسٹارلنک نے وینزویلا کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے چند دنوں کے لیے مفت انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کی انٹرنیٹ کمپنی اسٹارلنک نے وینزویلا میں محدود مدت کے لیے مفت براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ سہولت 3 فروری تک دستیاب رہے گی۔
اسٹارلنک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی وینزویلا کے ساتھ ’’مسلسل رابطے‘‘ کے لیے پرعزم ہے، جہاں آن لائن سنسرشپ ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ماضی میں وینزویلا کی مادورو حکومت نے فیس بک، یوٹیوب اور انسٹاگرام سمیت متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بلاک کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ فوجی کارروائیوں کے بعد وینزویلا میں انٹرنیٹ سروس معطل ہو گئی تھی جبکہ دارالحکومت کے بیشتر علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت مکمل طور پر دستیاب نہیں رہی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فلوریڈا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف کرمنل چارجز عائد کرتے ہوئے مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے نیویارک منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی ہدایت پر امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت میں ایک غیر معمولی آپریشن کیا، جس میں فضائی، زمینی اور سمندری طاقت کا شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ انہوں نے اسے امریکی فوجی طاقت کا غیر معمولی اور شاندار مظاہرہ قرار دیا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کو ہم چلائیں گے اور امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا جائیں گی۔
















