بنگلادیش میں آئی پی ایل کی ٹیلی کاسٹ پر پابندی عائد

مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے باہر کرنے کی کوئی معقول وجہ سامنے نہیں آئی: بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ
اپ ڈیٹ 05 جنوری 2026 01:56pm

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم سے باہر کرنے کے فیصلے کے بعد بنگلہ دیش میں آئی پی ایل نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

بنگلہ دیش حکومت نے آئی پی ایل کی ٹیلی کاسٹ پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا مستفیض الرحمان کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم سے نکالنے کا فیصلہ بنگلہ دیشی عوام کے لیے تکلیف دہ، افسوس ناک اور رنج کا باعث ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل 2026 سے بی سی سی آئی کی ہدایت پر باہر کیا گیا۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ اس فیصلے کی کوئی معقول وجہ بھی سامنے نہیں آئی۔

بی سی بی کے مطابق اس اقدام سے بنگلہ دیش کے عوام کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بیان میں اگلے احکامات تک آئی پی ایل کے تمام میچز اور پروگرامز کی نشریات اور ٹیلی کاسٹ بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ یہ حکم مجاز اتھارٹی کی منظوری سے اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیا گیا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان کھیل کے میدان میں کشیدگی اس وقت سامنے آئی جب بنگلہ دیشی کھلاڑی مستفیض الرحمان کی آئی پی ایل میں شمولیت پر بھارت میں ہنگامہ شروع ہوگیا۔

مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل میں بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے حالیہ نیلامی میں 9 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔ تاہم فرنچائز نے شدید دباؤ اور بی سی سی آئی کی ہدایت پر انہیں ٹیم سے ریلیز کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے سفارتی اور سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل کھیلنے کی اجازت نہیں دی، جس کے بعد فرنچائز کو انہیں اسکواڈ سے نکالنا پڑا۔

اس فیصلے کے بعد بنگلادیش نے اگلے ماہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ بنگلادیشی بورڈ کے مطابق موجودہ صورت حال کے تناظر میں بنگلادیش کی قومی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے سے آئی سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے آئی سی سی سے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے رد عمل دیتے ہوئے اس درخواست کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔

شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش ٹیم کو گروپ مرحلے میں 7 فروری کو ویسٹ انڈیز، 9 فروری کو اٹلی اور 14 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں میچز کھیلنا ہیں جب کہ 17 فروری کو نیپال کے خلاف آخری گروپ میچ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔


IPL

BCCI

Bangladesh

bangladesh cricket board

bcb

IPL2026

mustafizur rahman

Criket