بھارتی وفد نے خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت سے روکنے کی کوشش کی، ایاز صادق کا انکشاف

منصوبہ بندی کے تحت بس میں روکے رکھا گیا، اسپیکر قومی اسمبلی
اپ ڈیٹ 05 جنوری 2026 03:04pm

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انکشاف کیا ہے کہ ڈھاکا میں سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کے دوران بھارتی وفد نے انہیں جنازے میں جانے سے روکنے کی کوشش کی، تاہم انہوں نے تمام دباؤ کے باوجود بنگالی عوام کے درمیان کھڑے ہو کر نمازِ جنازہ ادا کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ وہ خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کے لیے ڈھاکا گئے تھے جہاں مالدیپ، نیپال اور بھوٹان کے وفود کو ایک بس میں جنازہ گاہ لایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بس کی فرنٹ سیٹوں پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور بھارتی ہائی کمشنر بیٹھے تھے۔ جے شنکر نے بس کے شیشوں پر پردے لگوا دیے، جبکہ وہ خود اپنے ہائی کمشنر کے ساتھ پچھلی نشستوں پر بیٹھ گئے۔

ایاز صادق نے بتایا کہ انہوں نے بس کے پردے سائیڈ پر کر دیے اور بنگالی عوام کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیتے رہے۔

اسپیکر کے مطابق جب بس جنازہ گاہ پہنچی تو بھارتی ہائی کمشنر دروازے پر کھڑے ہو گئے۔ جیسے ہی وہ نیچے اترنے لگے تو بھارتی حکام نے کہا کہ آپ نہ جائیں، آپ کو خطرہ ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ انہوں نے واضح جواب دیا کہ وہ جنازے میں شرکت کے لیے آئے ہیں اور دروازہ کھولا جائے۔

ان کے مطابق انہوں نے غصے اور زور سے دروازہ کھولنے کا کہا، جس کے بعد دروازہ کھولا گیا اور وہ نیپال اور مالدیپ کے وفود کے ساتھ نیچے اتر گئے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ بنگالی عوام کے درمیان کھڑے ہو کر نمازِ جنازہ میں شریک ہوئے، جبکہ بھارتی وزیر خارجہ اور بھارتی ہائی کمشنر بس میں ہی بیٹھے رہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ بھارتی وفد نے جنازہ پڑھنا ہی نہیں تھا اور بھارتی ہائی کمشنر کی پوری کوشش تھی کہ وہ بھی نمازِ جنازہ ادا نہ کریں۔ ان کے مطابق بھارتی وفد پوری تیاری اور منصوبہ بندی کے تحت وہاں آیا تھا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ انہوں نے تمام دباؤ کے باوجود جنازے میں شرکت کی اور بنگالی عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔

یاد رہے کہ 31 دسمبر2025 کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی تھی۔ جنازے کے بعد تعزیتی ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور بھارت کی اعلیٰ شخصیات کے درمیان غیر رسمی ملاقات اور مصافحہ بھی ہوا۔

اس موقع پر پاک بھارت جنگ کے بعد پہلی بار دونوں ممالک کے اعلی ٰسطح کے رہنماؤں کا آمنا سامنا ہوا ہے۔

ڈھاکہ کے قومی پارلیمنٹ کمپلیکس میں پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب دونوں ممالک کے وفود خالدہ ضیا کے صاحبزادے اور بی این پی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان سے تعزیت کر رہے تھے۔

تقریب میں پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور بھارت کے وزیرِ خارجہ جے شنکر کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر ایاز صادق کی جانب آئے اور مصافحہ کیا۔ اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان مسکراہٹ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

Bangladesh

Funeral

Indian Delegation

Khaleda Zia

Jaishankar